ثاقب سلیم
یہ 1965 تھا۔ہندوستان چین کی جارحیت کے بعد سنبھلنے کی کوشش کر رہا تھا اور پنڈت جواہر لال نہرو کی وفات ایک نوزائیدہ ملک کے لیے ایک اور دھچکے کے طور پر سامنے آئی۔نہرو کے جانشین لال بہادر شاستری ملک کو غذائی پیداوار کے معاملے میں خود کفیل بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے تھے۔ ایسے وقت پاکستان کے جنرل ایوب خان نے ہندوستانی سرحدوں پر فوجی حملہ کر دیا۔
پاکستان نے دنیا کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ وہ ہندوستان میں اپنے مسلم بھائیوں، خاص طور پر کشمیری مسلمانوں، کی مدد کے لیے مجبوراً میدانِ جنگ میں اترا ہے۔ پاکستان نے اسلامی ممالک سے اسلام کے نام پر اس کی حمایت کی اپیل کی۔اگرچہ ہندوستانی حکومتیں عموماً اپنے شہریوں کو ہندو، مسلمان یا سکھ کے طور پر پیش کرنے سے گریز کرتی ہیں، لیکن اس موقع پر دنیا کو یہ دکھانا ضروری سمجھا گیا کہ ہندوستانی مسلمان اپنے وطن کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانی جارحیت کے خلاف جنگ میں شامل ہیں۔
جس دن پاکستان نے ہندوستان پر حملہ کیا،اُس روزہندوستانی پارلیمنٹ کے تمام 36 مسلم ارکانِ پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا-جس میں کہا گیا کہ"عام طور پر ہم میں سے بہت سے لوگ سیاسی مسائل پر فرقہ وارانہ اپیلوں کے خلاف ہیں، لیکن اس موقع پر ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ ایک استثنا اختیار کریں،کیونکہ پاکستان نے جس تنازعے کو جنم دیا ہے، اُسے مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بیان عالمی مسلم ممالک کے نام پر جاری کیا گیا تھا،جس میں ان مسلم رہنماؤں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان بلاجواز حملہ آور ہوا ہے، کشمیر میں داخلی فساد برپا کرنا چاہتا ہے، اور تمام ہندوستانی مسلمان اس جارحیت کے خلاف اپنی سرزمین کا دفاع کر رہے ہیں۔جمیعت علمائے ہند، جو کہ ہندوستان میں اسلامی علما کی سب سے بڑی جماعت ہے، نے اپنے صدر مولانا سید فخرالدین احمد کی سربراہی میں ایک قرارداد منظور کی، جس میں کہا گیا--- ورکنگ کمیٹی پاکستان کی جانب سے کشمیر کے داخلی معاملات میں مداخلت کی شدید مذمت کرتی ہے، کیونکہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے، اور یہ بلاجواز حالیہ جارحیت ہماری خودمختاری پر ایک حملہ ہے۔اس قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ---"ہندوستانی حدود اور خودمختاری میں کسی بھی بیرونی مداخلت یا جارحیت کو جمیعت ایک حملہ تصور کرتی ہے اور اس کے خلاف مزاحمت کرنا ہر ہندوستانی کا بنیادی اور مقدس فریضہ ہے۔عرب ممالک کے لیے جاری کردہ بیان میں مسلم رہنماؤں جیسے مولانا اسعد مدنی، مفتی عتیق الرحمن، بیگم انیس قدوائی، کرنل بی۔ ایچ۔ زیدی اور دیگر نے کہاکہ ---ہم امید کرتے ہیں کہ عرب ممالک ہندوستان کے کشمیر سے متعلق مؤقف کی قدر کریں گے اور اس کی حمایت کریں گے۔ ایمان کو سیاسی ہتھیار بنانے یا مذہب کو توسیع پسندی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ کشمیر ہمارے لیے سیاسی چال نہیں بلکہ ہمارے نظریات کی علامت ہے۔ یہ تمام ہندوستانیوں کے لیے سیکولر جمہوریت کی علامت ہے اور ہندوستانی مسلمانوں کے لیے اس سے بھی زیادہ۔پورے ہندوستان میں مسلمانوں نے جنگ کے لیے عطیات دیے، خون کا عطیہ دیا اور رضاکارانہ طور پر فوجی خدمات کی پیش کش کی۔
لیکن جیسا کہا جاتا ہے کہ عمل الفاظ سے زیادہ بولتا ہے۔ہندوستانی مسلمانوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ وہ پاکستان کی کسی بھی جارحیت کے خلاف میدانِ جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ پاکستان کا یہ پروپیگنڈا کہ یہ جنگ اسلام کے تحفظ کے لیے لڑی جا رہی ہے، ہندوستانی مسلمانوں کو دھوکہ نہیں دے سکا۔وزارتِ خارجہ نے مختلف ہندوستانی سفارتخانوں کو ایک خط میں لکھا:--- م ہندوستانی مسلمان سپاہیوں کی بہادری اور کارناموں کی کچھ جھلکیاں اور ان کے اعزازات کے نام آپ کو بھیج رہے ہیں، جنہوں نے پاکستان کی حالیہ جارحیت کے خلاف بہادری دکھائی۔
اس فہرست میں حوالدار عبد الحمید (پرم ویر چکر)، لیفٹیننٹ کرنل سلیم کلیڈب (مہا ویر چکر)، میجر محمد علی رازشیخ (ویر چکر)، ایوب خان (ویر چکر)، جمال الدین قدوائی، مشتاق حسین خان اور صفدر علی شامل تھے۔ستمبر 1965 میں عالمی میڈیا میں ایک دلچسپ خبر شائع ہوئی۔یہ ایوب خان پاکستانی صدر نہیں، بلکہ ہندوستانی فوج کے نائب رسالدار تھے۔ خبر میں بتایا گیا: کہ --- سیالکوٹ کے محاذ پر لڑنے والے ہندوستانی فوج کے سب سے ماہر ٹینک گنرز میں سے ایک کا نام پاکستانی صدر ایوب خان جیسا ہے… 11 ستمبر کو گنر ایوب خان نے ایک امریکی ساختہ چیفی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ وہ ہندوستانی فوج میں شامل ان کئی مسلمان سپاہیوں میں سے ایک ہیں۔
نائب رسالدار محمد ایوب خان کو 9 ستمبر کو ویر چکر سے نوازا گیا۔ انہوں نے پاکستانی فوج کے امریکی ساختہ ٹینکوں کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو اُس وقت پاکستان کی فوجی طاقت کا ستون تھے۔ان کی ویر چکر کی سند میں درج ہے---"9 ستمبر 1965 کو نائب رسالدار محمد ایوب خان، جو ایک کیولری رجمنٹ کے اسکواڈرن کی ایک ٹروپ کی قیادت کر رہے تھے، کو سیالکوٹ سیکٹر میں سچیت گڑھ پوزیشنوں پر دشمن کے حملے کو روکنے کا حکم دیا گیا۔ دشمن کا حملہ ہماری فورس کی مواصلاتی لائن کو کاٹنے کے لیے خطرہ بن چکا تھا۔ ایوب خان نے فوری حرکت کی اور اپنی ٹروپ کو اس طرح چالاکی سے پوزیشن میں رکھا کہ دشمن کی ایک انفنٹری کمپنی اور نصف درجن ٹینک بکھر گئے اور ان کے چار ٹینک تباہ ہو گئے۔
میجر محمد علی راز شیخ ایک نوابی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ وزارتِ خارجہ کے خط کے مطابق وہ گجرات کی سابق ریاست منگرول کے نواب کے بھائی تھے۔ وہ وطن کی خدمت کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ان کے ویر چکر کی سند میں لکھا ہے---"8 ستمبر 1965 کو میجر محمد علی راز شیخ، جو سیالکوٹ سیکٹر میں ایک بکتر بند بریگیڈ کے اسکواڈرن کی قیادت کر رہے تھے، کو گڈگور کے مشرق سے دشمن کے دستے کو گھیرنے کا حکم دیا گیا۔ جیسے ہی وہ تقریباً 3000 گز آگے بڑھے، ان کا سامنا دشمن کے بکتر بند دستے سے ہوا، جو خندقوں میں نصب گنوں سے لیس تھے۔ انہوں نے فوری طور پر اپنے اسکواڈرن کو پوزیشن لینے کا حکم دیا اور خود بھی اگلی ٹروپ کے ساتھ شامل ہو گئے۔ شدیدٹینک جنگ چھڑ گئی، جس میں میجر شیخ نے دو دشمن ٹینک تباہ کیے۔ وہ دشمن کی گولی سے شدید زخمی ہوئے لیکن آخری وقت تک دشمن کا مقابلہ کرتے رہے۔بعد ازاں انہیں ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
عبد الحمید کی کہانی اب ہندوستانی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے نہ صرف کئی ٹینک تباہ کیے بلکہ پاکستانی فوج کا حوصلہ بھی توڑ دیا کہ کمزور ہتھیار بھی جیت دلوا سکتے ہیں۔
8 ستمبر 1965 کو پاکستانی فوج نے پنجاب کے علاقے کھیم کرن پر حملہ کیا۔ دشمن امریکی ساختہ پیٹن ٹینکوں کے ساتھ آیا، جبکہ ہندوستانی فوج کے پاس ٹینک شکن ٹیکنالوجی نہیں تھی۔ ان کے پاس صرف آر سی ایل گنز تھیں، جو جیپ پر نصب ہوتی تھیں۔
صبح 9 بجے، عبد الحمید نے پاکستانی ٹینکوں کی ایک بٹالین کو اپنی طرف آتے دیکھا۔ انہوں نے اپنی جیپ کو گنے کے کھیتوں میں چھپا دیا۔ جیسے ہی ٹینک نشانے کی حد میں آیا، انہوں نے فائر کیا اور ٹینک شعلوں میں لپٹ گیا۔پاکستانی فوجی خوفزدہ ہو کر ٹینک چھوڑ کر بھاگ گئے۔ اس دن عبد الحمید نے دو ٹینک تباہ کیے اور چار پکڑ لیے۔
دس ستمبر کو عبد الحمید آٹھواں ٹینک تباہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ اس جنگ میں پاکستان کے 70 سے زائد ٹینک چھوڑ دیے گئے یا تباہ ہوئے۔ یہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن دھچکا تھا۔ عبد الحمید کو بھارت کا سب سے بڑا اعزاز پرم ویر چکر بعد از وفات عطا کیا گیا۔
اخبار دی اسٹیٹس مین نے 22 ستمبر 1965 کو لکھاکہ ---عام طور پر اعزازات کی فہرست پر تبصرہ نہیں کیا جاتا، لیکن پاکستان کی جانب سے مذہبی جذبات کو ہوا دینے کی کوششوں کے تناظر میں یہ جاننا مفید ہوگا کہ حالیہ اعزازات کی فہرست میں تمام مذاہب کے افراد شامل ہیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں، پارسیوں، سکھوں اور ہندوؤں کو اعزازات دیے گئے۔ سب سے بڑا اعزاز مسلمان حوالدار عبد الحمید کو دیا گیا، جنہوں نے پاکستان کی جارحیت کو روکنے کے لیے جان دی۔ ان کے لیے مذہبی جنگ کی پاکستانی حکومتی باتیں بے معنی تھیں۔
اداریہ مزید لکھتا ہےکہ --- ہندوستانی عوام اور حکومت نے ہمیشہ اس نظریے کو مسترد کیا ہے کہ مذہب لوگوں کو تقسیم کرے۔ اسلام، ہندوستانی معاشرے کے مذہبی و ثقافتی تانے بانے کا اہم اور لازمی حصہ ہے۔ ملک میں موجود ممتاز مسلم شخصیات، ہندوستان کی نمائندہ ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستانی وفد کی قیادت بھی ایک مسلمان رہنما نے کی، صرف دنیا کو متاثر کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک حقیقت کے طور پر۔