قوم پرستی کو فروغ دیں ، عالمگیریت کو کمزور کریں: ٹرمپ کا منتر برائے یورپ کا اثر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2025
قوم پرستی کو فروغ دیں ، عالمگیریت کو کمزور کریں: ٹرمپ کا منتر  برائے یورپ  کا اثر
قوم پرستی کو فروغ دیں ، عالمگیریت کو کمزور کریں: ٹرمپ کا منتر برائے یورپ کا اثر

 



تحریر: سعید نقوی

"رَو میں ہے آج ٹرمپ، کہاں دیکھیے تھمے
نہ ہاتھ باگ پر ہے، نہ پاؤں رکاب میں۔"

دنیا کے نظام میں جو ہنگامہ خیز تبدیلیاں ٹرمپ کے دور میں رونما ہو رہی ہیں، وہ بظاہر بے معنی لگتی ہیں، جب تک کہ ہم اس شور و غل میں سے کوئی پالیسی بیان نکال نہ لیں۔ 14 فروری کو میونخ میں یورپی سیکیورٹی کانفرنس میں نائب صدر جے ڈی وینس کی تقریر ایک ایسا ہی بیان تھی۔انہوں نے کہا کہ یورپ کے دشمن روس یا چین نہیں، بلکہ دشمن اندرونی ہیں۔ان کا اشارہ ان ووٹرز کی طرف تھا جو ایسی جماعتوں کی طرف مائل ہو رہےہیں جنہیں یورپی اسٹیبلشمنٹ ناپسند کرتی ہے۔ انہوں نے ان رہنماؤں کا ذکر بھی کیا جنہیں اس اہم کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا۔ وینس نے اپنی بات کو مزید واضح کرنے کے لیے "آلٹرنیٹو فار جرمنی" (اے ایف ڈی ) پارٹی کے رہنما سے ملاقات کی۔ یہ جماعت مہاجرین مخالف اور دائیں بازو کے خیالات رکھتی ہے، جبکہ حالیہ انتخابات سے پہلے مقبولیت میں اضافہ دیکھ رہی تھی۔ باقی تمام جماعتیں مل کر ایک دیوار بناتی ہیں تاکہ اے ایف ڈی  کی بڑھتی طاقت کو روکا جا سکے۔ وینس کے مطابق یہ عوامی رجحان کودبانے کی سازش ہے۔شاید قارئین کو یہ سب باتیں بے جان لگیں، کیونکہ ٹرمپ تو ایک لمحے میں ہزار فیصلے کر کے اگلے لمحےانہیں الٹ دیتے ہیں۔ مگر وینس کی تقریر کو ایک "نشان راہ" کے طورپر یاد رکھیں۔میں نے میونخ کانفرنس کو اسی وجہ سے دوبارہ دیکھا کیونکہ وینس کی تقریر محض ایک وقتی غصہ نہیں تھا، بلکہ یہ ٹرمپ کے نظریاتی ساتھیوں کی ایک منظم مہم کا تسلسل تھا،جس کا مقصد یورپی یونین کو کمزور کرنا، یورپی ممالک میں قوم پرستی کو فروغ دینا، اور عالمگیریت کے اس غبارے کی ہوا نکالنا تھا جو قومی ریاستوں کو کمزور کرتا ہے۔

اگرچہ وینس نے اپنی تقریر میں ٹرمپ کی طرز کی دھمکی آمیز تجارتی پالیسی کا ذکر نہیں کیا، لیکن ہال میں موجود یورپی معززین حیرت زدہ بیٹھے ان کی باتیں سنتے رہے۔سب کچھ اچانک نہیں ہو رہا۔ اسٹیو بینن، جو ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور نظریاتی معمار سمجھے جاتے ہیں (چاہے انہوں نے جیل بھی کاٹی ہو)، وہ پہلے دورِ صدارت سے ہی یورپ میں دائیں بازو کےرہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے انہیں ایک نظریاتی دھارے میں لا رہے تھے، تاکہ یورپ کو ٹرمپ کے نئے عالمی منصوبے کے مرکز میں بدلا جا سکے۔یہ سب کچھ واضح تھا، مگر مغربی میڈیا نے جس کی تقلید بھارتی میڈیا آنکھیں بند کر کے کرتا ہے،اس پر روشنی ڈالنا بند کر دی۔ 2016 میں تو تمام تر توجہ ہیلری کلنٹن پر تھی، اور ہر الزام روس پر دھر دیا گیا کہ وہ انتخاب میں مداخلت کر رہا ہے۔امریکی میڈیا نے ان دعووں کو بغیر تحقیق کے قبول کیا۔

اسی دور میں دو بڑے نظریاتی قائدین یورپ میں سرگرم تھےجارج سوروس ۔ جو عالمگیریت اور لبرل طرز پر یورپی اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے بریگزٹ روکنے کی پوری کوشش کی ۔ ان کا "اوپن سوسائٹی" کا نظریہ ایک آزاد، وسعت پذیر دنیا کا خواب تھا۔ دوسرے اسٹیو بینن ۔ جو قوم پرستی کے علمبردار تھے۔ انہوں نے 2017 میں برسلز میں "دی موومنٹ" کے نام سے ایک تنظیم رجسٹر کرائی، جو سوروس کے نظریہ کے برخلاف تھی۔بینن نے ہنگری کے وکٹر اوربان، فرانس کی میرین لی پین، اٹلی کے ماتئو سالوینی، برطانیہ کے نائجل فراج، اور نیدرلینڈز کے گیرت ولڈرز جیسے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی۔ حالانکہ کچھ یورپی رہنما "دی موومنٹ" کی امریکی پشت پناہی پر تذبذب کا شکار ہیں، مگر نظریاتی طور پر یہ دھارا واضح ہے۔مہاجرین مخالف، اسقاط حمل مخالف، ہم جنس پرستی مخالف اور کہیں چھوٹے حروف میں اسلام مخالف۔یہ آخری نکتہ مستقبل میں اور زیادہ نمایاں کیا جائے گا، تاکہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر عالمی سطح پر اُبھرنے والی تنقید کو کسی طرح متوازن کیا جا سکے۔

ٹرمپ کی عالمی پالیسی بالکل واضح ہےعالمگیریت ختم کرو، "Make America Great Again" کہ نعروں سے دنیا کو جھنجھوڑو، دوسرے ملکوں پر غلبے کے لیے پاناما، گرین لینڈ، کینیڈا جیسے ممالک پر نظریں رکھو، اور افغانستان پر وائسرائے کی طرز پر حکومت کا منصوبہ بناؤ — جو خوش قسمتی سے پینٹاگون نے مسترد کر دیا۔اب ٹرمپ کی ٹیمیں دنیا بھر میں جائیں گی۔ قومی ریاستوں کو مضبوط کرنے، اور علاقائی یا عالمی اتحادوں کو توڑنے کے لیے، کیونکہ یہ سب عالمگیریت کی علامت ہیں۔یورپ میں تجربہ کامیاب رہا ہے۔لیکن ٹھہریے ۔ کچھ اطلاعات ہیں کہ ٹرمپ کی تباہ کن پالیسیوں نے یورپی ریاستوں کو ازسرنو قومی تشخص کے گرد جمع ہونا سکھا دیا ہے۔

 See-Saw, Margery Daw…یعنی یہ سب کچھ ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہوا — وقت ہی بتائے گا کہ توازن کہاں جا کر ٹھہرے گا۔