حکومت صفائی ملازمین کے لئے معاوضہ اور سیفٹی کٹ کو یقینی بنائے: نائب امیر جماعت اسلامی ہند‎

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2021
پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے   دہلی کے غازی پور میں   سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران  مرنے والوں کے  خاندانوں سے ملاقات کی
پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے دہلی کے غازی پور میں سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران مرنے والوں کے خاندانوں سے ملاقات کی

 

 

نئی دہلی

صفائی ملازمین کا محلے اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم رول ہوتا ہے، لہٰذا حکومت کی ذمہ دری ہے کہ وہ ان کی سیکورٹی کا خیال رکھے اور جو ادارے انہیں صفائی پر مامور کرتے ہیں وہ ان کے لئے حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ہی اگر کوئی ناگہانی حادثہ ہوجاتا ہے تو ایسی صورت میں حکومت ان کے لئے معاوضے کا بندوبست کرے“۔ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے گزشتہ دنوں دہلی کے غازی پور میں ایک ہوٹل کے سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران دو دلت صفائی ملازمین کی موت ہوجانے پر ان کے خاندانوں سے ملاقات کے دوران کہی اور ان سے اظہار تعزیت کے ساتھ ہی ضروری تعاون دینے کا وعدہ کیا۔

انجینئر سلیم پہلے بھی اس بات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ صفائی کے کام سے زیادہ تر دلت جڑے ہوئے ہیں اور سیفٹی کِٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ حادثات ہوجاتے ہیں لہٰذا حکومت ان کے لئے پورے ملک میں سیفٹی کٹ کو لازمی قرار دے اور موت ہوجانے کی شکل میں انہیں معاوضہ دے ۔جماعت اسلامی ہند کے نمائندے سے بات چیت کے دوران مرنے والے لوکیس اور پریم چند کے رشتہ داروں نے ہوٹل انتظامیہ کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ سیپٹک ٹینک کی صفائی کے لئے کوئی سیفٹی کِٹ فراہم نہیں کرائی گئی تھی جس کی وجہ سے زہریلی گیس کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے دونوں کی موت ہوگئی۔ پولیس نے لاپرواہی کی وجہ سے موت کا معاملہ درج کرلیا ہے۔