سابق پاکستانی کرنل کوہندوستان نے کیوں دیاپدم شری اعزاز؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2021
سابق پاکستانی کرنل کوہندوستان نے کیوں دیاپدم شری اعزاز؟
سابق پاکستانی کرنل کوہندوستان نے کیوں دیاپدم شری اعزاز؟

 

 

نئی دہلی: راشٹرپتی بھون سے ایسی تصویر سامنے آئی ہے جسے دیکھ کر پاکستانی حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئی ہوں گی۔ صدر رام ناتھ کووند نے قاضی سجاد علی ظہیر کو پدم شری سے نوازا، جو 1971 کی بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے ہیرو اور پاکستانی فوج میں ایک کرنل تھے۔ ہندوستان میں بنگلہ دیش کے سابق ہائی کمشنر معظم علی کو بھی 1971 کی جنگ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر تیسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ کرنل ظہیر نے پاکستانی فوج کی بہت سی انٹیلی جنس دستاویزات ہندوستان کے حوالے کی تھیں۔ یہی نہیں انھوں نے بنگلہ دیش مکتی باہنی کے ہزاروں جنگجوؤں کو فوجی تربیت بھی دی تھی۔ پاکستان ان کے اس فعل سے اس قدر مشتعل ہوا تھاکہ اس نے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیا۔

پاکستانی فوج نے ان کے گھر کو آگ لگا دی تھی

قاضی سجاد علی ظہیر کے ہندوستان فرار ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں ان کے گھر کو پاکستانی فوج نے آگ لگا دی تھی۔ ان کی والدہ اور بہن کو بھی پاکستانی فوج نے نشانہ بنایا لیکن وہ دونوں محفوظ پناہ گاہ کی طرف بھاگ گئیں۔ کرنل ظہیر نے 1969 کے اواخر میں پاکستانی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تب بنگلہ دیش پر بھی پاکستان کی حکومت تھی اور وہ مشرقی پاکستان کہلاتاتھا۔ پاکستانی فوج کی آرٹلری کور (آرٹلری) میں شامل ہونے کے بعد ظہیر کو تربیت کے لیے پاکستان کے مختلف حصوں میں بھیجا گیا۔

awaz

مکتی واہنی جس نے بنگلہ دیش کی آزادی میں اہم کردارنبھایا

کرنل ظہیر پاکستان کی اسپیشل فورسز میں

کرنل ظہیر پاکستانی فوج کی 14 پیرا بریگیڈ اسپیشل فورسز میں شامل تھے۔ ان کا تربیتی معیار بھی پاکستان کی عام فوج کے سپاہیوں سے بہت مختلف تھا۔ پاکستانی فوج، بنگلہ دیش (مشرقی پاکستان) سے فوج میں شامل ہونے والوں پر کڑی نظر رکھتی تھی۔ انہیں شبہ تھا کہ یہ لوگ مشرقی پاکستان میں ہونے والے مظالم اور نسل کشی کے خلاف بغاوت کر سکتے ہیں۔

پاکستان کو بنگالیوں اعتماد نہیں تھا

مشرقی پاکستان میں حالات خراب ہونے کے بعد آئی ایس آئی اور دوسری خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں تعینات ان افراد کی نگرانی مزید تیز کر دی گئی۔ حالات اس حد تک پہنچ گئے کہ زیادہ تر بنگالی فوجیوں اور افسران کو زمینی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔ بنگالی نژاد دو افراد کو بیک وقت ڈیوٹی پر نہیں لگایا جاتا تھا۔ اس کے باوجود ان لوگوں نے اپنے وطن اور اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے پاکستانی فوج کے خلاف بغاوت کی۔ ان میں کرنل ظہیر بھی شامل تھے۔

پاکستان کی انٹیلی جنس دستاویزات کے ساتھ ظہیر

مشرقی پاکستان میں پاکستانی فوج کے مظالم نے کرنل ظہیر کو ہلا کر رکھ دیاتھا۔ وہ پاکستان سے فرار ہوگئے اور ہندوستان میں داخل ہوگئے۔ انھوں نے بہت سی انٹیلی جنس معلومات ہندوستان کو مہیا کرائیں۔ کرنل ظہیر سانبہ(جموں و کشمیر) کے راستے بھارت میں داخل ہوئے۔ اس وقت ان کے پاس صرف 20 روپے اور جسم پر پہنے ہوئے کپڑے تھے۔ لیکن وہاں سے فرار ہوتے ہوئے انھوں نے پاکستانی فوج سے متعلق بہت سی اہم دستاویزات چرا کر بھارتی فوج کے حوالے کر دیں۔

کرنل ظہیر کو پورا احترام دیتے ہوئے بھارت نے انہیں بنگلہ دیش کی مکتی باہنی کے جنگجوؤں کو تربیت دینے کا کام دیا۔ ظہیر نے ہزاروں بنگلہ دیشی شہریوں کو فوجی تربیت دی۔ ان کی نگرانی میں سلہٹ کے قریب ایک مورچہ بھی بنایا گیا جس کی توپ ہندوستانی فوج کے حوالے کی گئی۔ ان توپوں کی فائرنگ کی وجہ سے مکتی باہنی نے سلہٹ کے آس پاس کے علاقوں میں پاکستانی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔

جب بنگلہ دیش کوآزادی ملی

مشرقی پاکستان کے پاکستان سے کٹنے اوربنگلہ دیش بننے کے بعد انہوں نے شدوئی مکتی جودھو کے نام سے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی۔ اس کے ذریعے انہوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں شامل بنگلہ دیشی اور ہندوستانی لوگوں کی نشاندہی کی۔ انھوں نے ایک دستاویز بھی تیار کروائی، جس میں ان لوگوں کی شراکت کا ذکر تھا۔