نیکی کی ٹوکری'' :غریبوں کیلئے دووقت کی روٹی کا بہترین ذریعہ''

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2021
نیکی کی ٹوکری
نیکی کی ٹوکری

 

 

شیخ محمد یونس ۔حیدرآباد

''نیکی کی ٹوکری''غریبوں اور مسکینوں کیلئے دووقت کی روٹی کا بہترین ذریعہ شہر حیدرآباد میں غریبوں اور مسکینوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے ایک بہترین اور خوش آئند

رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے۔شہر کے بعض مقامات پر نیکی کی ٹوکریاں رکھی گئی ہیں۔جس میں اہل خیر حضرات روٹی اور شوربہ رکھ رہے ہیں۔ضرورت مند اور غریب افراد نیکی کی ٹوکری سے روٹی اور شوربہ لیکر اپنی بھوک کو مٹارہے ہیں۔

کورونا وباء اور پھر لاک ڈاون کے باعث غریبوں کا برا حال ہے۔ہزاروں افراد ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں۔معیشت اور کاروبار پر کورونا وباء کے مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔غریبوں کو دووقت کی روٹی کیلئے بھی تگ ودو کرنا پڑرہا ہے۔ایسے حالات میں غریبوں اور ضرورت مندوں کو دووقت کی روٹی مفت فراہم کرنے کیلئے حیدرآباد میں ٹولی چوکی ' کنگ کوٹھی ' محمد شکور کی کمان اور دیگر مقامات پر نیکی کی ٹوکریاں رکھی گئی ہیں۔

نیکی کی ٹوکریاں ایسے غیرت مند افراد کیلئے نعمت ثابت ہورہی ہیں جو غربت ' افلاس اور بھوک کے باوجود کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ شہر حیدرآباد میں ٹولی چوکی علاقہ میں عبداللہ نان محل موجود ہے ۔عبداللہ نان محل کے مالک محمد اقبال نے غریبوں کو دووقت کی روٹی مفت فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ان کے اس مستحسن اقدام پر اہل خیر حضرات نے لبیک کہا او ردیکھتے ہی دیکھتے یہ رجحان نہ صرف تیزی سے فروغ پارہا ہے بلکہ غریبوں کو دووقت کی روٹی بھی میسر ہورہی ہے۔

محمد اقبال کا منشاء و مقصد یہی ہے کہ سماج میں کوئی بھی بھوکا نہ رہے ۔غریبوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے وہ اختراعی اور انوکھی ترکیب(نیکی کی ٹوکری) کے ذریعہ غریب سماج کی خدمت کررہے ہیں۔غریبوں کو کھانا کھلانا اور ان کے پیٹ کی آگ بجھانا کار خیر ہے اور انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔محمد اقبال اپنی دکان عبداللہ نان محل پر ایک ٹوکری رکھے ہیں جس پر نیکی کی ٹوکری تحریر ہے۔وہ خود بھی اپنی جانب سے اس ٹوکری میں یومیہ کم از کم  20 روٹیاں ڈالتے ہیں۔علاوہ ازیں اہل خیر حضرات بھی روٹی خرید کر اس ٹوکری میں ڈالتے ہیں ۔مخیر حضرات کی جانب سے ٹوکری میں شوربہ بھی رکھا جارہا ہے۔

awazurdu

محمد اقبال دردمند دل کے مالک ہیں ۔غریبوں کی مدد کیلئے وہ ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔کورونا وباء کی وجہ سے وہ بھی مشکلات کا شکار ہوئے۔محمد اقبال روٹی کے ساتھ ساتھ نہاری شوربہ کا بھی غریبوں کیلئے نظم کرتے تھے۔تاہم لاک ڈاون کے باعث مشکل حالات کے نتیجہ میں شوربہ کی تیاری روک دی۔

'' روٹی مین '' محمد اقبال نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وباء کی وجہ سے حالات بدسے بدتر ہوگئے ہیں۔ایسے حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ صاحب استطاعت افراد غریبوں کی مدد کیلئے آگے آئیں ۔انہوں نے کہا کہ وباء کے دوران شہر حیدرآباد میں بیشتر مقامات پر غریبوں میں رقم اور غذائی اجناس کی تقسیم کے بارے میں ہم سب نے ہی سنا اور دیکھا ہے تاہم نیکی کی ٹوکری ایک اختراعی اور انوکھی پہل ہے جس کے باعث غریب افراد کو یومیہ کم از کم دو وقت کی روٹی میسر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں اور مسکینوں کی مدد سے قلبی سکون و راحت حاصل ہوتی ہے۔

محمد اقبال نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ابتداء میں ان کے گاہک ہی روٹی خرید کر ٹوکری میں ڈالا کرتے تھے۔تاہم اب کئی اہل خیر حضرات اس کار خیر میں حصہ لے رہے ہیں۔روٹی خرید کر ٹوکری میں ڈال رہے ہیں اور اپنی جانب سے شوربہ کا بھی نظم کررہے ہیں۔محمد اقبال نے بتایا کہ صرف روٹی کسی کو بھی پسند نہیں ہوتی۔اللہ پاک کا فضل وکرم ہے کہ مخیر حضرات شوربہ کا بھی نظم کررہے ہیں جس سے غریبوں کو سہولت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہونے پر وہ بھی شوربہ کا نظم کریں گے۔

محمد اقبال نے بتایا کہ نیکی کی ٹوکری سے روٹیا ںلینے کیلئے کئی غریب اور مستحق افراد ان کی دکان آتے ہیں ' ہم ان سے کسی بھی قسم کے سوالات نہیں کرتے ۔غریب اور مستحق افراد خاموشی کے ساتھ حسب ضرورت نیکی کی ٹوکری سے روٹی اور شوربہ لیکر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں اور مسکینوں پر کوئی احسان نہیں کررہے ہیں بلکہ اپنی مذہبی اور سماجی ذمہ داری کو پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا و خوشنودی کیلئے اخلاص کے ساتھ یہ ایک چھوٹی سی کوشش کی گئی ہے۔جس کے ذریعہ غریبوں کو دووقت کی روٹی مل رہی ہے۔محمد اقبال کو توقع ہے کہ کورونا وباء کا یہ مشکل مرحلہ ختم ہوجائے گا اور دنیا پھر ایک مرتبہ بہترین مقام میں تبدیل ہوجائے گی۔تاہم وہ اپنی اس پہل کو طویل مدت تک جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ درددل کے واسطے پیدا کیا انساں کو ورنہ طاعت کیلئے کچھ کم نہ تھے کروبیاں