رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین: ایک ہزار طلباء کو لیں گے گود

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-06-2022
 رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین: ایک ہزار طلباء کو لیں گے گود
رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین: ایک ہزار طلباء کو لیں گے گود

 

 

سراج انور/پٹنہ

عام طور پر سیاستدانوں کے بارے میں عوام کی رائے اچھی نہیں ہوتی،تاہم ان میں بعض سیاست داں ایسے  ہوتے ہیں، جن کی تعریف و تحسین کرنا ہر کوئی پسند کرتا ہے۔ ریاست بہار کے ایسے ہی ایک رکن اسمبلی ہیں یوسف صلاح الدین ہیں، جو تعلیم کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ عوام انہیں بہت زیادہ پسند کرتی ہے۔

یوسف صلاح الدین بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں، انہوں نے کوسی خطہ کے نوجوانوں کو تعلیم دینے کابیڑا اٹھایا ہے، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ ایک ہزار طلبا و طالبات کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک ایسا مستحسن قدم ہے،جس سے معاشی مشکلات میں مبتلا طلبا و طالبات کو اپنی تعلیم ترک نہیں کرنی پڑے گی۔

 وہ طلباء جنہوں نے دسویں یا بارہویں کا امتحان پاس کیا ہے۔ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، لیکن معاشی مشکلات کے پیش نظراپنے خوابوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔  ان کے لیے رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین امید کی کرن بن کر آئے ہیں۔ 

  awazthevoice

یوسف صلاح الیدن اور اویس عنبر

یوسف نے روزمائین ٹرسٹ کے تعاون سے اپنے علاقے کے 1000 ضرورت مند طلباء کو گود لے کر تدریس کا پروگرام شروع کیا ہے۔ گذشتہ اتوار کو اس سلسلے میں ایک پروگرام 'رائٹ ٹو ایجوکیشن'منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے 30 کالجز کے چیئرمین وڈائریکٹرزسمیت 8000 سے زائد طلباء نےشرکت کی۔

مقصد کیا ہے؟

رائٹ ٹوایجوکیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یوسف صلاح الدین نے کہا کہ پیارے دوستو، آپ سب جانتے ہیں کہ دریا کوسی کو بہار کا غم کہا جاتا ہے، کئی سالوں سے سیلاب نے کوسی کے علاقے کو کھوکھلا کر دیا ہے، جب اعلیٰ تعلیم کی بات آتی ہے تو طلباء کو اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپنے علاقے میں بہترین کالجز اور انفراسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔

لیکن میں نے بھی ارادہ کیا ہے کہ  روزمائین ٹرسٹ کے تحت اس علاقے کے 1000 طلباء کو گود لر کر ان کے تعلیمی اخراجات کو پورا کراوں گا۔  انہوں نے مزید کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ بہار سے باہر طلباء کو ایسی جگہوں پر لے جاؤں جہاں بہترین انفراسٹرکچر اور کالجز موجود ہیں۔

awazthevoice

رکن پارلیمان چودھری محبوب علی قیر اور اویس عنبر

خیال رہے کہ یہ پروگرام ریاست بہار کے پسماندہ ضلع کھگڑیا کے سمری بختیار پور اسٹیٹ کیمپس وارڈ نمبر 6 میں روزمائین ٹرسٹ کے ذریعے منعقد ہوا تھا۔ اسی پروگرام میں یوسف صلاح الدین نے کوسی خطہ کے 1000 طلباء کو گود لینے کا اعلان کیا۔

اس وقت ملک بھر کے 30 کالجز کے ذمہ داران شریک تھے۔  کھگڑیا کے رکن اسمبلی چودھری محبوب علی قیصر اور روزمائین ٹرسٹ کے چیئرمین اویس عنبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کون ہیں یوسف صلاح الدین

یوسف صلاح الدین سمری بختیار پور سے لالو پرساد کی پارٹی راشٹریہ جنتا دل کے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار جیت کر قانون ساز اسمبلی پہنچے تھے۔ وہ کھگڑیاکے معزز خاندان چودھری سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کے والد محبوب علی قیصر ہیں۔ محبوب علی قیصر حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین رہ چکے ہیں اورفی الحال وہ کھگڑیا سےرکن پارلیمان ہیں۔

وہیں  یوسف صلاح الدین سیاست سے الگ سوچ رکھتے ہیں، وہ سماج کے بچوں کے تئیں فکر مند ہیں، انہوں نے پٹنہ میں روزمائین ٹرسٹ کے چیئرمین اویس عنبر سے ملاقات کی۔ انہوں نے نہ صرف ان طلباء کو گود لینے کا فیصلہ کیا جو مالی بحران کا شکار تھے، بلکہ اس پر عمل درآمد بھی شروع ہو گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے بلاتفریق مذہب و ملت اس میں اپنے علاقے کے بچوں کا سنہرا مستقبل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اویس عنبر نے کیا کہا؟

روزمائین ٹرسٹ کے چیئرمین اور نیشنل کیرئیر کونسلر اویس عنبر نے کہا کہ ملک کی حالت بہتر بنانے کے لیے سب سے پہلے تعلیمی نظام کو بہتر کرنا ضروری ہے۔ جس دن ہم نے ملک کا نظام تعلیم ٹھیک کر لیا اور گاؤں کو تعلیم یافتہ بنا دیا، اسی دن سے ملک خود بخود ترقی کرنے لگے گا۔  انہوں نے کہا کہ یوسف صلاح الدین جیسے  سیاست داں کے آگے آنے سے دیہی علاقے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ ملے گا۔

awazthevoice

پروگرام سے استفادہ کرتے شرکا

رکن پارلیمان چودھری محبوب علی قیصر نے کہا کہ تعلیم کوسی کی تقدیر بدل دے گی۔ اس کے لیے میں  اویس عنبر اور یوسف صلاح الدین  کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو تعلیم کے لیے اتنی محنت کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر چندن مشرا اور روزمائین کے آئی ٹی ڈائریکٹر اکھل اکھلیش کو استقبالیہ دیا گیا۔

طلبا یوسف صلاح الدین کے آئی ٹی آئی کالج سمری بختیار پور سے 30 جون تک اسکالرشپ کا رجسٹریشن فارم حاصل کیا جا سکتا ہے۔