نوجوان ملک کے ترقیاتی سفر میں اپنا کردار یقینی بنائیں: امت شاہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-10-2021
وزیرداخلہ امت شاہ
وزیرداخلہ امت شاہ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

  وزیر داخلہ امت شاہ نے آج ملک کے باشندوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کو خود انحصار اور ترقی یافتہ بنانے کے ترقیاتی سفر میں اپنے اپنے طریقے سے اپنا کردار یقینی بنا کر حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔

شاہ نے ہفتہ کے روز تاریخی لال قلعہ پر ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے تحت منعقدہ ایک تقریب میں نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کمانڈوز کی کار ریلی کو جھنڈی دیکھا کر روانہ کرنے کے موقع پر یہ بات کہی۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پرملک کے مختلف حصوں سے گزشتہ 15 اگست کو شروع ہونے والی سنٹرل پولیس فورسز کے اہلکاروں کی کئی سائیکل ریلیوں کا بھی یہاں پہنچنے پرخیر مقدم کیا ۔

یہ سائیکل ریلی ملک بھر کے شہدا کے مقامات سے ہوتے ہوئے 41 ہزار کلومیٹر کا سفر مکمل کرنے کے بعد لال قلعہ پہنچی ۔

اس سے پہلے ریلی میں شامل جوانوں نے راج گھاٹ پر جا کر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کو آزاد کرانے کے لئے سال 1857 تک غیر ملکی حملہ آوروں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور 1857 سے لے کر آزادی ملنے تک شہید ہوئے ملک کے عظیم بیٹے، جن میں کئی گمنام شہداء بھی شامل ہیں کو خراج عقیدت پیش کرنے اورسلام پیش کرنےکے لئے اس سال کو آزادی کے امرت مہوتسو کے طور پرمنایا جا رہا ہے ۔

اس تہوار کا ایک اور مقصد ملک کے بچوں اور نوجوانوں اور دیگر لوگوں میں تحریک آزادی کی لازوال کہانیوں سے حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا اور ان کے ذہن کو بیدارکرنا اور انہیں ملک کے ترقیاتی سفر سے جوڑنا بھی ہے۔