عید کے ساتھ موسم نے لی کروٹ۔درجہ حرارت میں گراوٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-05-2022
عید کے ساتھ موسم نے لی کروٹ۔درجہ حرارت میں گراوٹ
عید کے ساتھ موسم نے لی کروٹ۔درجہ حرارت میں گراوٹ

 

 

نئی دہلی: ملک کی بیشتر ریاستوں میں سورج کی گرمی نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے گرمی کی لہر سے لوگ پریشان ہیں۔ اس دوران ملک کے کئی علاقوں میں موسم بدلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی، ہریانہ سمیت شمال مغربی علاقوں میں چند دنوں کے لیے گرمی کی لہر کا کوئی الرٹ نہیں ہے۔ ایسے میں ان ریاستوں کے لوگوں کے لیے راحت کی خبر ہے جو شدید گرمی سے لڑ رہے ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی راجستھان اور مہاراشٹر کے ودربھ کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر ملک کے کسی بھی حصے میں اگلے پانچ دنوں تک گرمی کی لہر کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان کے کئی حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ پیر کے روز ودربھ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور مغربی راجستھان کے کچھ حصوں میں گرمی کی لہر کا امکان ہے۔

آج 3 مئی کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں آج ہلکے بادل بھی چھائے رہ سکتے ہیں۔ لکھنؤ، اترپردیش میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہ سکتا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

چندی گڑھ میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ چنڈی گڑھ میں آج بارش اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔ بہار اور جھارکھنڈ میں بارش کے امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہا۔ محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 مئی کے درمیان جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ سری نگر، دہرادون، چندی گڑھ، جے پور، شملہ اور جموں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ممبئی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری رہ سکتا ہے۔