کیا بی جے پی میں شامل ہوں گے ہاردک پٹیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-04-2022
کیا بی جے پی میں شامل ہوں گے ہاردک پٹیل
کیا بی جے پی میں شامل ہوں گے ہاردک پٹیل

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

گجرات میں اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کو بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے ہاردک پٹیل کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ دریں اثنا ہاردک پٹیل نے اپنے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام بائیو سے کانگریس کو ہٹا دیا ہے۔

ہاردک کا کہنا ہے کہ وہ گجرات میں اپنے کارکنوں کے مفادات کے لیے لڑ رہے ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے اپنا واٹس ایپ ڈی پی بھی تبدیل کر لیا ہے۔ نئی ڈی پی میں وہ زعفرانی شال پہنے نظر آرہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں ہاردک نے خود کو ہندوتوا سے جوڑا ہے۔ ایک موقع پر انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ہندو ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں جس طرح سے خود کو ہندوتوا سے جوڑا ہے اس سے یہ مانا جا رہا ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ بھی لینا پڑا تو وہ اس معاملے کو کھلے دل کے ساتھ لوگوں کے سامنے لے جائیں گے۔

 ہاردک کی کانگریس سے ناراضگی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ کانگریس سے ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ کانگریس میں ان کی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ نئے دولہا کو نس بندی کر دی گئی ہے۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ میں راہل گاندھی یا پرینکا گاندھی سے ناراض نہیں ہوں، میں ریاستی قیادت سے ناراض ہوں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ہاردک کی دہلی میں بی جے پی کے ایک بڑے لیڈر سے ملاقات کی بھی خبریں آئی تھیں، جس کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

تاہم ہاردک اس بارے میں کھل کر بات نہیں کر رہے ہیں۔ پیر کوبات چیت میں ہاردک نے کہا کہ ناراضگی خاندان میں رہتی ہے،

انہوں نے کہا کہ میں نے بھی بائیڈن کی تعریف کی تھی تو کیا میں بائیڈن کے ساتھ گیا تھا۔

کانگریس سے ناراضگی کے بعد ہاردک نے کئی مواقع پر بی جے پی کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کھل کر بی جے پی کی تعریف کی ہے، پارٹی کی اچھی، مضبوط بنیاد اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کی تعریف کی ہے۔ حال ہی میں، انہوں نے کہا تھا، 'ہمیں قبول کرنا ہوگا کہ بی جے پی کے حالیہ سیاسی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں بہتر سیاسی فیصلے لینے کی صلاحیت ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہمیں سچائی کی تعریف کیے بغیر اسے قبول کرنا چاہیے۔ اگر کانگریس مضبوط بننا چاہتی ہے تو پارٹی کو اپنی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہوگا۔