کون ہے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا 'قصاب' ۔۔موسیٰ ؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2025
کون ہے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا 'قصاب' ۔۔موسیٰ ؟
کون ہے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا 'قصاب' ۔۔موسیٰ ؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے اس میں شامل دہشت گردوں کی تلاش تیز کر دی ہے۔ سیکیورٹی فورسز مسلسل آپریشن چلا رہی ہیں۔ تفتیشی ایجنسیوں نے اس حملے میں دو پاکستانی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس حملے میں مزید کچھ پاکستانی دہشت گردوں کے شامل ہونے کا بھی شبہ ہے، جن میں سے ایک کا نام ہاشم موسیٰ اور دوسرے کا نام علی بھائی بتایا جا رہا ہے۔ ہاشم موسیٰ پاکستان کی پیرا ملٹری فورس "اسپیشل سروس گروپ " کا سابق ممبر  ہے۔ ہندوستان  میں اگر اسے زندہ گرفتار کیا گیا تو یہ ویسا ہی فائدہ دے سکتا ہے جیسے 26/11 کے ممبئی حملے میں اجمل قصاب کی گرفتاری نے دیا تھا۔ اسی بنا پر سیکیورٹی فورسز اسے پکڑنے کے لیے بھرپور آپریشن چلا رہی ہیں۔
سیکیورٹی ایجنسیوں کے ذرائع کے مطابق ہاشم موسیٰ جنوبی کشمیر کے جنگلات میں کہیں چھپا ہوا ہے، اور ایجنسیوں کو اندیشہ ہے کہ وہ پاکستان فرار نہ ہو جائے۔ جموں و کشمیر پولیس نے موسیٰ کی اطلاع دینے والے کو 20 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسے زندہ پکڑنے کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
کون ہے ہاشم موسیٰ؟
موسیٰ پہلے پاکستان کی پیرا ملٹری فورس میں شامل تھا، بعد میں اسے وہاں سے نکال دیا گیا۔ اس کے بعد وہ بھارت میں ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ میں شامل ہو گیا۔ بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کا ماننا ہے کہ موسیٰ کو پاکستانی فوج کے اشارے پر لشکر میں شامل کیا گیا تھا، اور اسے صرف دکھاوے کے طور پر ایس ایس جی  سے نکالا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ستمبر 2023 میں سرحد پار کر کے ہندوستان آ گیا تھا اور کشمیر کے ضلع بڈگام میں سرگرم تھا۔ اسے کشمیر میں لشکر کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
موسیٰ ایک تربیت یافتہ پیرا کمانڈو ہے۔ اس طرح کے کمانڈو جدید ترین ہتھیاروں کے استعمال میں ماہر ہوتے ہیں۔ اسے غیر روایتی جنگی مہمات اور خفیہ مشنز چلانے میں بھی مہارت حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق موسیٰ سے متعلق یہ معلومات ان 14 افراد نے دی ہیں، جنہیں پہلگام حملے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے اور جن سے سیکیورٹی ایجنسیوں نے پوچھ گچھ کی ہے۔ ان افراد پر پاکستانی دہشت گردوں کو ضروری سامان فراہم کرنے اور حملے کی جگہ کی ریکی کرنے کا الزام ہے۔
ممبئی حملے میں زندہ گرفتار پاکستانی دہشت گرد کون تھا؟
اس سے پہلے، لشکرِ طیبہ نے 26 نومبر 2008 کو ممبئی میں دہشت گرد حملہ کرایا تھا۔ یہ حملہ سمندر کے راستے بھارت آئے لشکر کے 10 دہشت گردوں نے انجام دیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے ان میں سے اجمل قصاب نامی ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کیا تھا۔ قصاب کی گرفتاری نے ممبئی حملے کی تحقیقات اور شواہد اکھٹے کرنے میں بڑی مدد کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سیکیورٹی ایجنسیاں موسیٰ اور علی بھائی کو بھی زندہ گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پاکستان نے پہلگام حملے کی طرح ممبئی حملے میں بھی اپنے ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔ اس نے پہلے اجمل قصاب کو اپنا شہری ماننے سے بھی انکار کیا، لیکن بعد میں اسے اپنا شہری تسلیم کر لیا۔ قصاب پاکستان کے صوبہ پنجاب کے فرید کوٹ گاؤں کا رہائشی تھا۔ ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے قصاب کو 6 مئی 2010 کو سزائے موت سنائی تھی۔ صدرِ جمہوریہ نے اس کی رحم کی درخواست 5 نومبر 2012 کو مسترد کر دی تھی، اور 21 نومبر 2012 کو اسے پونے کی یروڑا جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی۔