نئی دہلی/ آواز دی وائس
پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتے تناؤ کے بیچ یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر "ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں"، اور سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ اور میمز کی بھرمار دیکھی جا رہی ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی دہلی کے سفارتی دباؤ کے بعد جنرل منیر غائب ہو گئے ہیں۔ ان غیر مصدقہ رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یا تو جنرل منیر اپنے خاندان کے ساتھ ملک چھوڑ چکے ہیں یا راولپنڈی میں کسی بنکر میں چھپے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان کے سیاسی لیڈر ہندوستان کے خلاف اپنی بیان بازی کو دوگنا کر چکے ہیں۔
جیسے ہی جنرل منیر کے مقام کے بارے میں آن لائن بحث تیز ہوئی، مائیکرو بلاگنگ سائٹ پلیٹ فارم "ایکس" پر ہیش ٹیگ #منیر آؤٹ ٹرینڈ کرنے لگا، جہاں سرحد کے دونوں طرف کے صارفین نے گزشتہ چند دنوں میں میڈیا میں جنرل منیر کی غیر موجودگی پر سوالات اٹھائے۔
تاہم، جیسے جیسے بحث نے شدت اختیار کی، پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر نے وضاحت پیش کرتے ہوئے جنرل منیر کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ 26 اپریل کو ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کی۔
لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کی ٹائمنگ اور اس پر واضح تاریخ کی غیر موجودگی پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ یہ اے آئی سے تیار کردہ ایک جھوٹی تصویر" ہے، جو آرمی چیف کی غیر موجودگی پر چل رہی قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کرنے کے لیے پوسٹ کی گئی۔