مغربی بنگال:ہندوخاندان پچاس سال سےکر رہا ہےمسجد کی دیکھ بھال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2022
مغربی بنگال:ہندوخاندان پچاس سال سےکر رہا ہےمسجد کی دیکھ بھال
مغربی بنگال:ہندوخاندان پچاس سال سےکر رہا ہےمسجد کی دیکھ بھال

 

 

سمیع احمد/ کولکاتہ

مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک بڑی کہانی سامنے آئی ہے۔ ایک ہندو خاندان گزشتہ 50 سالوں سے یہاں ایک مسجد کی مسلسل دیکھ بھال کر رہا ہے۔

شمالی 24 پرگنہ کے علاقے باراسات کے بزرگ شہری دیپک کمار بوس اور ان کے بیٹے پارتھا سارتھی بوس مذہب کے نام پر ایک دوسرے کے خلاف تلواریں چلانے والوں کے لیے ہندو مسلم اتحاد کی ایک بہتر مثال ہیں۔ بوس خاندان نے امانتی مسجد کے نام سے معروف ایک مسجد کی تزئین و آرائش کی ہے۔

awaz

پچھلے 50 سالوں سے دیپک بوس نہ صرف اس کے رکھوالے بنے ہوئے ہیں بلکہ ہر روز مسجد کی راہداریوں کی بھی صفائی کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ امانتی مسجد نباپلی علاقے میں واقع ہے جہاں ہندوؤں کی آبادی کا غلبہ ہے۔ 1964 میں، بوس خاندان نے کھلنا (اب بنگلہ دیش) میں جائیداد کا تبادلہ شمالی 24 پرگنہ میں زمین کے ساتھ کیا۔ اس نے دیکھا کہ اس زمین پر ایک چھوٹی سی مسجد ہے۔

جبکہ کئی لوگوں نے اس پلاٹ پر بنی مسجد کو توڑ کرگھر تعمیر کرنے کا مشورہ دیا۔ لیکن بوس خاندان نے اس کی مخالفت کی کیونکہ وہ اس مذہبی ڈھانچے کو کسی بھی طرح نقصان پہنچانا نہیں چاہتے تھے۔

awazurdu

بوس کہتے ہیں، "ہم نے اس کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا۔ تب سے ہم اس مسجد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ مختلف علاقوں سے مسلمان یہاں آتے ہیں اور نماز ادا کرتے ہیں۔ ہم نے روزانہ اذان ونماز کے لیے ایک امام بھی مقرر کیا ہے۔

, مسجد کے نگراں دیپک کمار بوس اور ان کے بیٹے پارتھا سارتھی بوس نے کہا، ’’اب تک کسی نے ہم ہندوؤں کے ذریعے مسجد کی دیکھ بھال پر اعتراض نہیں کیا۔ ہم برسوں سے مسجد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

درحقیقت یہاں2 کلومیٹر کے دائرے میں کوئی مسجد نہیں ہے، اس لیے مختلف علاقوں سے مسلمان یہاں نماز پڑھنے آتے ہیں۔امام شرافت علی نے کہا کہ مجھے مقامی لوگوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا۔ 1992 سے مسلسل اذان دے کر لوگوں کو نماز کے لیے بلا رہا ہوں۔ ہم اتحاد اور امن پر یقین رکھتے ہیں۔"