ہم کسانوں اور رام بھکتوں پر گولی نہیں چلا سکتے: راج ناتھ سنگھ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 25-11-2021
ہم کسانوں اور رام بھکتوں پر گولی نہیں چلا سکتے: راج ناتھ سنگھ
ہم کسانوں اور رام بھکتوں پر گولی نہیں چلا سکتے: راج ناتھ سنگھ

 

 

آواز دی وائس، سیتاپور 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم کسانوں اور رام بھکتوں پر گولی نہیں چلا سکتے۔سماجوادی پارٹی ایسا کرسکتی ہے، مگر ایسا نہیں کرسکتے۔ راج ناتھ سنگھ جمعرات کو ریاست اترپردیش کے ضلع سیتا پور کے گراس فارم پر اودھ خطہ کے 15 اضلاع کے بوتھ صدور کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس دوران انہوں نے زرعی قانون کی واپسی کے بارے میں کہا کہ کسانوں کو سمجھانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن جب وہ بضد رہے تو اس قانون کو واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم کسانوں کو ایسی حالت میں نہیں چھوڑ سکتے۔ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے، جس سے کسان پریشان ہوں۔

سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے رام کے بھکتوں پر گولی چلائی۔ ہم کسانوں اور رام بھکتوں پر گولیاں نہیں چلا سکتے۔وزیر دفاع نے کہا کہ جب الیکشن آرہے ہیں تو ایس پی والے جناح کو لے کر آئے جنہوں نے ملک کو تقسیم کیا، وہ ان کے نام کا سہارا لے رہے ہیں۔

راج ناتھ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے قول و فعل میں کوئی فرق نہیں ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ یہ کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن منوج پانڈے کی جائے پیدائش ہے۔ سیتا پور کی ماں کے بطن سے پیدا ہونے والے منوج پانڈے نے کارگل جنگ میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ملک کی سالمیت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ سیتا پور ایسے ہیروز کی سرزمین ہے۔ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو یاد رکھا جائے۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ جب میں چار ماہ قبل لداخ گیا تھا تو ہندوستان اور چین کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ وہاں معلوم ہوا کہ ہندوستان کے 124 فوجیوں نے یہاں ہزاروں چینی فوجیوں کا سامنا کیا اور چین کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا۔ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ایسے فوجیوں کی ضرورت ہے۔ اسی طرح پارٹی کارکنوں کا کردار ملک میں گڈ گورننس دینا ہے۔

اس موقع پر وزیردفاع نے متعدد بوتھ صدر و کارکنان سے گفتگو کی۔انہوں نے بریلی کے C-1 کے بوتھ صدر رام سیوک سے بات کی۔ اناؤ کے آدرش نگر پارتھی کے امر ورما، سیتا پور کے وویک وشوکرما سے بات کی۔ لکھیم پور مشرقی لکھیڑا سے روہت، ہردوئی کے ابھیشیک، بلرام پور سے چندر کمار موریہ، بہرائچ سے گھنشیام، رانی پور کے وشال تیواری وغیرہ سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ جب میں قومی صدر تھا تب بھی بوتھ صدر سے بات کرتا تھا۔ وہ کمیٹی کے اجلاسوں میں بھی گئے۔ غور کریں بوتھ جیت گیا، الیکشن جیت گیا۔ یہ کرشمہ آپ کے زور پر ہوا ہے کہ بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ پارٹی کا ایک نظریہ ہے، اس کے اصول ہیں۔ بی جے پی صرف اقتدار کے لیے حکومت نہیں چاہتی، وہ ملک کی تعمیر کے لیے حکومت بنانا چاہتی ہے۔ بی جے پی نے اپنا عزم پورا کیا، جو کہا وہ کر دکھایا۔ آپ ہمارا ریزولیوشن لیٹر دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان دنیا کا سب سے طاقتور ملک بن گیا ہے۔ وزیر دفاع نے 18 نومبر کو ہندوستان-چین سرحد پر واقع ریزانگ لا جانے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی وہاں -20 ڈگری سیلسیس میں رہتے تھے۔ 18 نومبر کو وزیر دفاع نے لداخ کے ریزانگ لا میں تعمیر کردہ جنگی یادگار ملک کے حوالے کی۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یوپی میں تبدیلی نظر آرہی ہے۔ یوگی نے کمال کیا ہے۔ بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ باہر سے آنے والے لوگ یہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ڈیفنس کوریڈور پر کام جاری ہے۔