وسیم اکرم : غیر تعلیم یافتہ مگر کمال کے موجد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-02-2022
وسیم اکرم : غیر تعلیم یافتہ مگر کمال کے موجد
وسیم اکرم : غیر تعلیم یافتہ مگر کمال کے موجد

 

 

 عارف اسلام/ گوہاٹی

  یہ ہرگز ضروری نہیں کہ رسمی تعلیم ہی انسانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا واحد ذریعہ ہو۔ اگر حوصلہ اور جذبہ ہو تو ایک غیر تعلیم یافتہ انسان بھی وہ کارنامہ انجام دے سکتا ہے، جس کا تصور بھی کرنا محال ہے۔

اس کی ایک نمائندہ مثال ریاست آسام کے ضلع کامروپ کے علاقہ ہاجو کے اختراعی پسند نوجوان وسیم اکرم میں دکھائی دیتی ہے۔ ناخواندہ ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے اردگرد موجود مختلف اشیاء کو ہماری روزمرہ کی زندگی میں کارآمد بنانے کے لیے کامیاب کوششیں کی ہیں۔ وسیم پہلے گوہاٹی میں گلف موٹر ورکشاپ میں کام کیا کرتے تھے جہاں انہوں نے بنیادی باتیں سیکھیں۔ اب انہوں نے ہاجو کے 'پکارکونہ' میں اپنی ایک ورکشاپ قائم کی ہے جہاں وہ گاڑیوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ اپنی ایجادات اور اختراعات پر بھی کام کررہے ہیں۔

وسیم اکرم کا ایک یوٹیوب چینل بھی ہے جہاں وہ مختلف ویڈیوز بنا کر اپنی ایجادات کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

آوازدی وائس کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہ کہ ہم اپنی ورکشاپ میں چھ لوگوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے کے علاوہ، ہم نئی چیزیں بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم لوگوں کے اندر دوبارہ سائیکل سے دلچسپی پیدا کرانے کے لیے بھی مختلف قسم کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سائیکل فضائی آلودگی اور سڑک کے حادثات کو کم کرنے میں معاون ہے۔ ہمیں لوگوں کی طرف سے بہت تعاون مل رہا ہے۔ یوٹیوب پر ویڈیوز پوسٹ کرنے کے بعد، لوگ خود ان چیزوں میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔

awaz

سائیکل 

وہ کہتے ہیں کہ ہم نے پہلے ہی ایک لکڑی کی موٹر سائیکل تیار کر لی ہے جسے چکوڈو کہا جاتا ہے۔ چکوڈو بائیک افریقہ میں گھروں میں تیار کی جانے والی ایک مقبول بائیک ہے۔ معاشی طور پر کمزور لوگ اس بائیک  کو لکڑی کی مدد سے گھر پر تیارکرتے ہیں اور اسے سامان ڈھونے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہم نے  گھاس کاٹنے کی ایک الیکٹرونک مشین بھی تیار کی ہے اور جس کی مدد سے گھاس کاٹنا کافی آسان ہوگیا ہے۔

انہوں نے نئی نسل اور نوجوانوں کی روش پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو وقت ضائع کرنے کے بجائے پیداواری کاموں کے لیے خود کو لگانا چاہیے۔ اگر کام کرنے کی ہمت ہو تو کافی کام کیا جا سکتا ہے۔ صرف صبر اور دلچسپی کی ضرورت ہے۔

awaz

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آسام میں بہت سے نوجوان نوکریوں کے پیچھے اپنا وقت ضائع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ خود کچھ کرنے کی کوشش کریں گے تو آپ ضرور کامیاب ہوں گے۔ میں نوجوانوں کو یہ بھی بتانا چاہوں گا کہ بہت سے نوجوان موٹر سائیکل کے حادثات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اس لیے سائیکل چلانا  صحت کے لیے اچھا ہے۔ وہیں اس سے سڑک حادثات سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ ہمیں سائیکل چلانے کی عادت پھر سے ڈالنی چاہئے، جیسا کہ ماضی میں لوگ سائکلیں چلایا کرتے تھے۔

وسیم اکرم اس وقت گھریلو ٹریکٹر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ٹریکٹر کے پہیوں کی مدد سے ایک منفرد بائیک بنا چکے ہیں۔ اس بائیک سے دھان کی دھلائی کرنا آسان ہوجاتا ہے۔