اتراکھنڈ:یونیفارم سول کوڈ کا مسودہ تیار،جلدڈرافٹ آئے گا سامنے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2023
اتراکھنڈ:یونیفارم سول کوڈ کا مسودہ تیار،جلدڈرافٹ آئے گا سامنے
اتراکھنڈ:یونیفارم سول کوڈ کا مسودہ تیار،جلدڈرافٹ آئے گا سامنے

 

نئی دہلی: اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کا مسودہ تیار کرنے والی ماہرین کمیٹی کی سربراہ جسٹس (ر) رنجنا پرکاش دیسائی نے جمعہ کو کہا کہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کی ہے اور امید ہے کہ اس مسودے کو سبھی منظور کر لیں گے۔ نئی دہلی میں لاء کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) رتوراج اوستھی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں، دیسائی نے کہا کہ انہوں نے اتراکھنڈ میں یو سی سی کے مسودے کے حوالے سے اب تک کیے گئے کام کو ان کے ساتھ شیئر کیا۔

یہاں جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق جسٹس دیسائی نے کہا کہ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ پر اب تک ابتدائی مشاورت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو سی سی پر کافی کام کیا گیا ہے اور ریاست میں یکساں سول کوڈ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ جسٹس دیسائی نے کہا کہ یو سی سی کی ذیلی کمیٹیوں نے اس سلسلے میں مختلف مذاہب، برادریوں، اسٹیک ہولڈرز اور طبقات کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ بھی کی گئی ہے اور ان کی تجاویز لی گئی ہیں۔

اس سے قبل اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی کمیٹی کے حوالے سے کہا تھا کہ کمیٹی یو سی سی پر ایک مسودہ تیار کر کے اسے جون کے آخر تک حوالے کر دے گی، جس کے بعد اس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال فروری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران دھامی حکومت کی طرف سے کئے گئے بڑے وعدوں میں سے ایک یو سی سی بھی تھا۔ دھامی نے وعدہ کیا تھا کہ اگر بی جے پی حکومت اقتدار میں رہتی ہے تو ریاست میں تمام شہریوں کے لیے یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔