یوپی:جمعہ کے پیش نظرپولس الرٹ، ڈرون سےنگرانی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
یوپی:جمعہ کے پیش نظرپولس الرٹ، ڈرون سےنگرانی
یوپی:جمعہ کے پیش نظرپولس الرٹ، ڈرون سےنگرانی

 

 

مظفر نگر،اٹاوہ:۔جمعہ کی نماز کے بعد کسی قسم کا احتجاج نہ ہو اور امن وامان برقرار رہے اس سلسلے میں اترپردیش پولس الرٹ پر ہے۔ جہاں تہاں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے اور مسلم تنظیموں کی جانب سے بھی نماز کے بعد احتجاج نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔

  جمعیت علمائے ہند نے کہا کہ مسلمان نماز جمعہ کے بعد کوئی احتجاج نہ کریں۔ مظاہرہ کرنے سے ہم اپنے مقصد سے ہٹ جائیں گے اور فرقہ پرست عناصر کے مشن کو تقویت ملے گی۔

بدھ کو میرٹھ روڈ پر واقع مسجد نمائشی کیمپ میں جمعیۃ علماء کی تمام اکائیوں کے ذمہ داران کی ایک خصوصی میٹنگ ہوئی۔ ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا مکرم علی قاسمی نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد اجلاس میں موجودہ حالات میں کسی بھی قسم کا مظاہرہ نہ کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

حکومت کی جانب سے معصوم لوگوں پر کی جارہی کاروائی کی بھی مخالفت کی گئی۔ قاسمی نے کہا کہ آئینی طور پر اپنا احتجاج درج کرانا ہمارا بنیادی حق ہے جو کہ قانون کے دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے۔

مولانا نذر محمد قاسمی نے کہا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی مذہب کے پیشوا کے بارے میں برا بھلا کہے۔ ایسا کرنے والے معاشرے، انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں۔

جمعیت کے ذمہ داران نے کہا کہ جب ہمارے ملک میں عدلیہ موجود ہے تو ایسی وحشیانہ کاروائی نہیں کرنی چاہیے۔ نوپور شرما اور نوین جندل کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

جمعیۃ علماء کے عہدیداروں نے قرارداد میں مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ معمول کے مطابق جمعہ کی نماز مساجد میں ادا کریں اور کسی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔

ادھرجمعہ کے پیش نظر اٹاوہ میں پولیس انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے۔ ماضی میں کانپور سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں نماز جمعہ کے بعد تشدد بھڑک اٹھا تھا۔

ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام اضلاع میں پولیس کو ایکٹیو موڈ پر رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پولس فورس کو سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنے اور مسلم اکثریتی علاقوں میں نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی حالت میں ماحول خراب نہ ہو۔

ضلع میں بدھ کے روز اٹاوہ کے ایس ایس پی جئے پرکاش سنگھ کی ہدایت پر میونسپل آفیسر امت کمار سنگھ نے کوتوال بھوپیندر سنگھ راٹھی کے ساتھ تھانہ علاقے میں سناتن دھرم انٹر کالج سے ڈرون کے ذریعے ایک ٹیم کونگرانی پر لگایا۔

کوتوالی کے علاقے جیسے پچراہا،گڈی پورہ کے تحت آتے ہیں۔ان علاقوں میں فلائنگ کیمروں کے ذریعے نگرانی کرتے رہے۔ اسی طرح اسلامیہ انٹر کالج پہنچنے کے بعد اردو محلہ، میواتی ٹولہ، نیا شہر، سدھا گنج وغیرہ علاقوں میں نگرانی کی گئی۔

اس دوران ڈرون کیمروں کی مدد سے پورے علاقے میں چھت پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے ایسے آلات یا اشیاء کی جگہوں کی نشاندہی کی گئی۔ ادھر میرٹھ میں بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ جب کہ پورے مغربی اتر پردیش میں نماز جمعہ کو لے کر چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔

فوجیوں نے کئی مقامات پر فلیگ مارچ بھی کیا۔گزشتہ جمعہ کو کئی مقامات پر نماز جمعہ کے بعد سے احتجاج کے واقعات پیش آئے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے، پولیس انتظامیہ نماز جمعہ کے حوالے سے الرٹ موڈ میں ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ امن کمیٹی کا دوسرا اجلاس کر کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی جا رہی ہے۔ سہارنپور کے جادوپنڈہ میں جمعرات کو برگاؤں تھانہ میں مذہبی رہنماؤں اور علاقے کے معززین کی ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں ایس ڈی ایم رام پور منی ہارن سنگیتا راگھو نے کہا کہ امن کا نظام کسی بھی حالت میں خراب نہیں ہونا چاہیے۔ تمام لوگ خوشگوار ماحول میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحول خراب کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے تمام معززین سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امن و سکون کو برقرار رکھنے میں پولیس انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

ایس ڈی ایم رام پور منی ہارن سنگیتا راگھو نے کہا کہ سماج میں امن و امان برقرار رکھنا ہر ذمہ دار شہری کی ذمہ داری ہے جسے ہر ایک کو پورا کرنا چاہئے۔