کرناٹک: دو با حجاب طالبات کونہیں ملی امتحان دینے کی اجازت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-04-2022
کرناٹک: دو با حجاب طالبات کونہیں ملی امتحان دینے کی اجازت
کرناٹک: دو با حجاب طالبات کونہیں ملی امتحان دینے کی اجازت

 

 

آواز دی وائس، بنگلورو

ریاست کرناٹک میں حجاب کے حق میں درخواست دینے والی دو طالبات کو حجاب پہن کر امتحان دینے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا جس کے بعد وہ کالج سے واپس لوٹ گئیں۔

ان دونوں طالبات نے کلاسوں میں حجاب پہننے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ آج بھی حجاب پہن کر 12ویں بورڈ کے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت مانگی جس کے بعد دونوں طالبات امتحانی مرکز سے واپس لوٹ گئیں۔

عالیہ اسدی اور ریشم نے اڈوپی کے ودیودیا پی یو کالج میں امتحان دینے کے لیے اپنا ہال ٹکٹ لیا اور برقع پہن کر امتحان دینے آئیں۔ انہوں نے تقریباً 45 منٹ تک تفتیش کاروں اور کالج کے پرنسپل سے درخواست کی، مگرعدالتی حکم کے پیش نظر انہیں امتحان دینے کی اجازت نہیں ملی، بالآخر دونوں طالبات بغیر امتحان دیے خاموشی سے کالج کے کیمپس سے باہر نکل گئیں۔

 خیال رہے کہ آج سے ریاست کرناٹک میں سکینڈ پی یو سی امتحانات شروع ہوگئےہیں جس کے لئے ریاست کے مختلف حصوں میں جملہ 1,076 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ، جس میں امسال6,84,255 طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔

 آپ کو بتا دیں کہ جمعہ کو پہلا پرچہ لوجیک اور بزنس اسٹڈیز ہے، سنیچر کو دوسرا پرچہ متھس اور ایجوکیشن ہوگا۔ پیر کو ایکونومک، منگل کو ہندوستانی میوزک، سائیکولوجی، کمیسٹری اور بیسیک میتھس ہوگا۔ بدھ کو لینگویج (یعنی تمل، تیلگو، ملیالم ، مراٹھی، اُردو، سنسکرت، فرنچ) امتحان ہوگا۔ جمعرات کو کنڑا، عربی پیپر ہوگا۔ پھر ایک ساتھ پانچ دنوں تک چھٹیاں ہوں گی اور بدھ 4 مئی2022 کو جغرافی اور بائیولوجی کے پرچے ہوں گے۔ آخری امتحان 18 مئی2022 کو ہندی ہوگا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر تے ہوۓ بتایا کہ رواں سال اس امتحان کے لئے 684255 طلبا کا اندرج کرایا گیا ہے جس کے لئے 1076 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امتحان کو صحیح طریقہ سے منعقد کرانے کے لئے وسیع تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ناگیش نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 346936 لڑکے اور 337319 لڑکیاں امتحانات میں شریک ہورہے ہیں۔

طلبا کے امتحان ہال کے اندر موبائل لے جانے پر پابندی عائد رہے گی ۔ محکمہ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز میں پولیس کی سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے جبکہ امتحانی مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی ڈی پی آئی سے کہا گیا ہے کہ وہ امتحان کی تیاریوں کی مسلسل نگرانی کریں۔ امتحان کے تمام مراکز اور جوا بی پرچوں کو جن مقامات پر رکھا جائے گا ان کی مسلسل سی سی ٹی وی نگرانی کروانے کا حکم دیا گیا ہے ۔

ہر امتحانی مرکز کے سربراہ کو موبائیل استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن دیگر ایگزامنرس کو موبائیل استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ رواں سال آرٹس شعبہ میں 228167 سائنس سے 210589 اور کامرس سے 245519 طلباء امتحان لکھ رہے ہیں ۔ 1076 امتحانی مراکز میں سب سے زیادہ بنگلوروساؤ تھ میں 83 قائم کئے گئے ہیں ۔ سب سے کم مراکز رام نگر ضلع میں 13 ہیں ۔

وزیرتعلیم ناگیش نے کہا کہ پی یو سی امتحان کے لئے طلباء سرکاری بسوں میں اپنی ہال ٹکٹ دکھا کر اپنے گھروں سے امتحان کے مرکز تک مفت سفر کر سکتے ہیں۔