عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی مجرم قرار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 13-09-2022
عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی مجرم قرار
عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی مجرم قرار

 

 

نئی دہلی: دہلی کی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی کو مجرم قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ 2015 کے ایک کیس میں دیا گیا ۔ عدالت 21 ستمبر کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد سزا کا فیصلہ کرے گی۔ اپنے 149 صفحات کے فیصلے میں خصوصی عدالت نے تسلیم کیا کہ دونوں ایم ایل اے کی موجودگی میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اور پولیس اہلکاروں پر حملہ بھی ہوا تھا۔ یہ معاملہ براری تھانے کا ہے۔

اکھلیش پتی ترپاٹھی اور سنجیو جھا سزا یافتہ ایم ایل اے ،عام آدمی پارٹی میں شامل ہیں۔ ان کے ساتھ 15 اور لوگ بھی قصوروار پائے گئے۔ کیس کے مطابق ایم ایل اے کے کہنے پر لوگوں نے براری پولیس اسٹیشن کے سامنے جمع ہو کر ہنگامہ کیا۔ جب پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو حملہ کر دیا۔

خصوصی عدالت کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ویبھو مہتا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اکھلیش اور سنجیو جھا نے ہجوم کو اکسایا۔ اس کے بعد ہی پولیس پر حملہ کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ ہجوم صرف ان کے کہنے پر پرتشدد ہوا۔ جج نے کہا کہ پولیس نے ان کے الزام کو درست ثابت کر دیا ہے۔

عدالت نے ایم ایل اے سمیت 17 لوگوں کو ہنگامہ آرائی، سرکاری ملازمین کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے، ان پر حملہ کرنے اور غیر قانونی طور پر ہجوم جمع کرنے کا مجرم قرار دیا۔ ان لوگوں پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دھمکیاں دینے کا بھی الزام تھا۔ اسپیشل جج نے کہا کہ کیس میں موجود گواہان اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایم ایل اے موقع پر موجود تھے۔ وہ نہ صرف ہجوم کی قیادت کر رہے تھے بلکہ تشدد بھی کر رہے تھے۔

عدالت نے کہا کہ دونوں نے ہجوم کو اکسایا اور پھر پولیس کو سبق سکھانے کے لیے تشدد کا بھی سہارا لیا۔ اس کیس میں 10 افراد کو عدم ثبوت کی بنا پر بری بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ 20 فروری 2015 کا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہجوم نے براری پولیس اسٹیشن میں درج دو افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو سمجھا رہی تھی، لیکن پھر دونوں ایم ایل اے وہاں آئے اور بھیڑ کو بھڑکا دیا۔