ریلوے نے کوئلہ لے جانے کے لیے 42 مسافر ٹرینیں کی منسوخ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-04-2022
ریلوے نے کوئلہ لے جانے کے لیے 42 مسافر ٹرینیں کی منسوخ
ریلوے نے کوئلہ لے جانے کے لیے 42 مسافر ٹرینیں کی منسوخ

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

ہندوستانی ریلوے نے ملک بھر کے مختلف زونوں میں 42 مسافر ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے تاکہ ان کی جگہ پر گڈز ٹرینوں کی تعدد میں اضافہ کیا جا سکے اور بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو جلد سے جلد کوئلہ فراہم کیا جا سکے۔

ملک بھرکے کئی پاور پلانٹس میں 21 دنوں سے بھی کم کوئلے کے ذخائر باقی ہیں۔ کچھ جگہوں پر، صرف ایک دن کا کوئلہ بچا ہے۔

ریلوے کی جانب سے جاری کردہ تازہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 42 ٹرینیں اگلے احکامات تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان میں سے 34 ٹرینیں ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے (SECR) سے اور 8 ٹرینیں ناردرن ریلوے زون سے ہیں۔

ایم پی اور چھتیس گڑھ میں اراکین اسمبلی کے احتجاج کے بعد چھتیس گڑھ کی 3 منسوخ شدہ ٹرینیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔ ہندوستان میں تھرمل پاور پلانٹس میں کوئلے کے ذخیرے کا بڑا بحران سامنے آ گیا ہے۔ اس لیے کوئلے کی نقل و حمل کے لیے یہ اقدامات جنگی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔

اس دوران دہلی کے وزیر توانائی ستیندر جین نے کہا کہ پورے ملک میں کوئلے کی شدید قلت ہے، کوئی بیک اپ نہیں ہے، بجلی کو ذخیرہ نہیں کیا جا سکتا۔ آج بہت سا کوئلہ صرف 1 دن کے لیے بچا ہے، جب کہ یہ 21 دن کا ہونا چاہیے۔

دہلی کے اندر ہمارے پاس کوئی زیر التواء ادائیگی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کو کول ریک میں اضافہ کرنا چاہیے۔ ہم آہنگی کا فقدان ہے۔ اس کو ٹھیک کرنا ہوگا۔