یعقوب میمن کی قبر پرماربل لگانے والوں کوسزا دی جائے: نونیت رانا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-09-2022
یعقوب میمن کی قبر پرماربل لگانے والوں کوسزا دی جائے: نونیت رانا
یعقوب میمن کی قبر پرماربل لگانے والوں کوسزا دی جائے: نونیت رانا

 



 

ممبئی:سنہ1993 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکہ میں سیکڑوں افرادہلاک ہوئے تھے۔سلسلہ وار بم دھماکہ کے مجرم  یعقوب میمن کی قبر پر ماربل لگائے جانے کے بعد سے سیاست گرم ہو گئی ہے۔

بی جے پی نے کہا ہے کہ ایسا کرنے والے کو یعقوب میمن کی طرح سزا ملنی چاہیے۔ پارٹی نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، این سی پی لیڈر شرد پوار اور کانگریس پارٹی لیڈر راہول گاندھی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہاراشٹر سے بی جے پی کے حامی آزاد ایم پی نونیت رانا نے کہا کہ جن لوگوں نے 1993 کے بم دھماکے کے مجرم یعقوب میمن کی قبرپرماربل لگایا اور لائٹنگ لگائی ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا جیسا کہ یعقوب کے ساتھ کیا گیا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت نے ان لوگوں کو چھوٹ دی اور انہوں نے ایسی حرکت کی۔ نونیت رانا نےکہا کہ جب تک مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت تھی تب تک قبر پر اس طرح کی سجاوٹ کرنے کی ہمت کسی میں نہیں تھی۔ یہ مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ہوا ہے۔

یہ معاملہ سامنے آنے اور قبر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے لائٹنگ ہٹا دی اور لائٹنگ لگانے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کررہی ہے۔ حالانکہ قبر کی دیکھ بھال کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یعقوب کی قبر کے اردگرد بہت سے دوسرے لوگوں کی قبریں ہیں۔ وہاں اور بھی بہت سے لوگ آتے ہیں۔ اس لیے وہاں لائٹس لگائی گئی ہیں۔ بتیاں شام کو ہی جلتی ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ یعقوب کے خاندان کے دیگر افراد بھی وہاں دفن ہیں، اس لیے دیگر لوگوں کی قبروں پر لائٹس لگائی گئی ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں یعقوب کی قبر پر ماربل کی کوٹنگ صاف نظر آرہی ہے۔ اب معاملہ گرم ہوتے ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جہاں بی جے پی اس کے لیے مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے وہیں اپوزیشن پارٹی کا کہنا ہے کہ جب 2015 میں یعقوب کو پھانسی دی گئی تھی تو اس کی لاش اس کے گھر والوں کو کیوں دی گئی تھی۔