اسمبلی الیکشن:وی وی پیٹ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کرے گا سماعت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-03-2022
اسمبلی الیکشن:وی وی پیٹ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کرے گا سماعت
اسمبلی الیکشن:وی وی پیٹ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کرے گا سماعت

 

 

نئی دہلی:پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج 10 مارچ کو آنے والے ہیں۔ نتائج سے پہلے، سپریم کورٹ نے ووٹر ویریفائی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پیٹ) سے متعلق دائر ایک پی آئی ایل کی سماعت کے لیے اپنی رضامندی دے دی ہے۔

عرضی میں ای وی ایم ووٹوں کی گنتی شروع ہوتے ہی وی وی پی اے ٹی کی تصدیق کی مانگ کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ اس معاملے کی سماعت 9 مارچ کو کرے گی۔ عرضی گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے اختتام کے بجائے ای وی ایم ووٹوں کی گنتی کے آغاز میں وی وی پیٹ پرچیوں کی تعداد گنی جائے۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران ریمارکس بھی دیئے۔

عدالت نے کہا، 'ہم نے اس بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ اس کے بارے میں کیا کیا جا سکتا ہے۔ غور طلب ہے کہ ملک کی پانچ ریاستوں یوپی، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات مکمل ہو چکے ہیں۔

یوپی میں انتخابات سات مرحلوں میں 10، 14، 20، 23، 27 اور 3 اور 7 مارچ کو ہوئے۔ اتراکھنڈ اور گوا میں 14 فروری کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوئی تھی۔ پنجاب میں 20 فروری کو پولنگ ہوئی۔ دوسری طرف، منی پور میں دو مرحلوں میں 28 فروری اور 5 مارچ کو انتخابات ہوئے۔

ان تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ وی وی پی اے ٹی مشین ای وی ایم مشین سے منسلک ہے۔

ای وی ایم میں ووٹ ڈالنے کے بعد وی وی پی اے ٹی مشین سے ایک پرچی تیار ہو جاتی ہے۔

اس پرچی میں یہ معلومات موجود ہوتی ہے کہ آپ نے کس پارٹی یا امیدوار کو ووٹ دیا ہے۔ وی وی پی اے ٹی پرچی پر امیدوار کا نام اور اس کا انتخابی نشان پرنٹ ہوتا ہے۔ اس کی پرچی ووٹر کو نہیں دی جاتی۔