یوپی:مدرسوں میں طلبہ کی تعداد میں زبردست کمی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2022
یوپی:مدرسوں میں طلبہ کی تعداد میں زبردست کمی
یوپی:مدرسوں میں طلبہ کی تعداد میں زبردست کمی

 

 

لکھنو:یوپی کے مدرسوں میں طلبہ کی تعداد گھٹی جارہی ہے۔ یہ کمی گزشتہ تین برسوں میں آئی ہے۔ تاہم اس کا سبب معلوم نہیں ہوپایاہے۔

پچھلےدو برسوں میں کورونا کا اثر بھی رہا ہے جس کے سبب مدرسوں میں پڑھنے والے بچے کم ہو ئے ہیں۔ یہاں کے مدرسوں میں بہار،بنگال، جھارکھنڈ اور دوسری ریاستوں کے بچے بھی پڑھتے ہیں۔

تاہم کہا یہ بھی جارہا ہے کہ اتر پردیش میں مسلم بچے اب منشی-مولوی نہیں بننا چاہتے۔ نئی نسل کی ریاست کے مدارس میں تعلیم حاصل کرنے کی دلچسپی مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس کا ثبوت مدرسہ ایجوکیشن کونسل کے اعداد و شمار ہیں۔

ان اعداد و شمار کے مطابق 3.30 لاکھ بچے منشی مولوی یعنی ثانوی اور سینئر سیکنڈری کورسز میں کم ہوگئےہیں۔ یہ تعداد مسلسل تین سالوں سے کم ہو رہی ہے۔ صرف پچھلے تین سالوں میں 1.14 لاکھ طلباء نے تعلیم چھوڑ دی ہے۔

سال 2016 میں مدارس میں ان کورسز میں رجسٹرڈ طلباء کی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 627 تھی جو اس سال یعنی 2022 میں صرف 92 ہزار رہ گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مدارس کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد طلبہ کو ملنے والے اسناد کی کوئی اہمیت نہیں۔

آج تک، یوپی مدرسہ شکشا پریشد کسی بھی زبان کی یونیورسٹی سے اپنے کورسز کی الحاق یا شناخت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار جاوید خود اعتراف کرتے ہیں کہ ریاست کے مدارس سے نکلنے والے طلبہ کو ان کے سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر ملازمت نہیں ملتی۔

ان کا کہنا ہے کہ یوپی مدرسہ شکشا پریشد کا کسی بھی لسانی یونیورسٹی سے الحاق یا کونسل کے کورسز کو تسلیم نہ کرنا بھی طلبہ کی تعداد میں کمی کی ایک اہم وجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جلد ہی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں ان تمام معاملات پر کئی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ چیئرمین نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یوپی مدرسہ شکشا پریشد کے کورسز کو روزگار پر مبنی بنانا ہے۔