کشمیری پنڈتوں اورمسلمانوں کے درمیان دوری کو ختم کرنے کی ضرورت:الطاف بخاری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
کشمیری پنڈتوں اورمسلمانوں کے درمیان دوری کو ختم کرنے کی ضرورت:الطاف بخاری
کشمیری پنڈتوں اورمسلمانوں کے درمیان دوری کو ختم کرنے کی ضرورت:الطاف بخاری

 

 

جموں: اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈت کشمیری سماج کا لازم و ملزوم اور اٹوٹ انگ ہیں۔ گاندھی نگر جموں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکشمیری پنڈت جن حالات میں وادی کشمیر چھوڑنے پر مجبور ہوئے وہ اب تاریخ ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی ایک سانحہ تھا جس نے سماجی تانے بانے کو بکھیر کے رکھ دیاجس کو بحال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکشمیری پنڈت دانشور طبقہ ہے اور سماج میں ان کا ایک اہم کردار ہے۔ ان کی شمولیت کے بغیر کشمیری سماج نامکمل ہے ،اسی لئے اپنی پارٹی کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بحالی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے یقین دلایاکہ کشمیری پنڈتوں کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کا ازالہ پارٹی کی ترجیحات میں رہے گا۔

تقریب کے آغا ز میں راہل بھٹ، رجنی بالا اور وجے کمار کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی جنہیں بے رحمی سے قتل کر دیاگیا۔ انہوں نے شہری ہلاکتوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ کشمیری مسلم اور کشمیری پنڈتوں کے درمیان کی دوری کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ذاتی طور دونوں طبقہ جات کے لوگوں کے درمیان ایک دوسرے کے لئے اعتماد سازی کی بحالی کے لئے مدد کریں گے۔

جنرل سیکریٹری وجے بقایا نے کشمیری پنڈتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا صحیح فیصلہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ مستقبل میں مزید کشمیری پنڈت اِس پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے ترقی پسند، سیکولر اور حقیقت پسندانہ انتظامیہ کے ماڈل کو عملی جامہ پہنانے کا وژن رکھنے والی اِس جماعت کو مضبوط کریں گے۔

کشمیری پنڈت برادری سے وابستہ 18افراد اور نیشنل کانفرنس وپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ لیڈران نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ الطاف بخاری نے کہاکہ ان کی شمولیت اپنی پارٹی کے لئے بڑی کامیابی ہے اور اِس سے پارٹی کو جموں وکشمیر کی عوام کی بہتری کے لئے کام کرنے کی غرض سے سماج میں اپنے جڑیں پھیلانے میں مدد ملے گی۔