بہار میں پرشانت کشور کی3000 کلو میٹر کی 'پد یاترا' 2 اکتوبر سے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-05-2022
بہار میں پرشانت کشور کی3000 کلو میٹر کی 'پد یاترا' 2 اکتوبر سے
بہار میں پرشانت کشور کی3000 کلو میٹر کی 'پد یاترا' 2 اکتوبر سے

 


 آواز دی وائس،پٹنہ

انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور بہار میں '’جن سوراج ‘کے تصور کے ساتھ عوام کے ساتھ براہ راست مکالمہ کرکے اور ان کے مسائل، خواہشات اور امنگوں کو سمجھ کر ایک ٹھوس سیاسی فیصلہ تک پہنچنے کے مقصد سے اس سال 2 اکتوبر سے ریاست میں 3000 کلومیٹر کی ’پد یاترا‘شروع کریں گے۔

پیر کو ’جن سوراج‘ کے ذریعہ نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اشارہ دینے کے بعد جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اپنی حکمت عملی کا انکشاف کرتے ہوئے مسٹر کشور نے کہا کہ فی الحال وہ کوئی سیاسی پارٹی نہیں بنانے والے ہیں۔

وہ اس سال 2 اکتوبر سے مشرقی چمپارن میں گاندھی آشرم سے ریاست میں 3000 کلومیٹر کی پد یاترا شروع کریں گے۔

اس دوران وہ '’جن سوراج‘ کے تصور کے ساتھ گاؤں گاؤں جائیں گے اور ہر ایک سے ملیں گے اور ان کی پریشانی، خواہش، امید اور آرزو کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

اس کے بعد وہ اور ان کے ساتھ کھڑے تقریباً 18 ہزار لوگ مل کر فیصلہ کریں گے کہ ’جن سوراج‘ کو سیاسی پارٹی کی شکل دی جائے یا نہیں۔

انتخابی حکمت عملی ساز نے کہا کہ گزشتہ تیس سالوں میں دو بڑے لیڈروں کے دور حکومت میں بہار ترقی کے تمام پہلوؤں میں پیچھے رہ گیا ہے۔

انہوں نے نیتی آیوگ کی رپورٹ پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے تبصرے ’ 'ارے انہیں کچھ پتا بھی ہے‘ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سچ میں کسی کو پتا نہیں ہے لیکن ریاست کا تعلیمی نظام پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے، روزگارکے مواقع پیدا نہیں ہورہےاور یہاں کے لوگ دوسری ریاستوں میں ہجرت کرنے اور نامساعد حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

ایسے میں وہ پد یاترا کے دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملنے اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک عوام تک ذاتی طور پر نہیں پہنچیں گے ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔