حاجیوں کا پہلا قافلہ دہلی واپس

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2022
حاجیوں کا پہلا قافلہ دہلی واپس
حاجیوں کا پہلا قافلہ دہلی واپس

 

 

نئی دہلی: حج 2022 کے سفر سے واپسی کا عمل شروع ہوگیا، صبح تقریباً 4 بجے پہلا طیارہ حاجیوں کو لے کر دہلی ایئرپورٹ پہنچا، جس میں کل 410 حاجی ہندوستان آئے۔

اپنے گھر کے لوگوں کو حج سے واپس آتے دیکھ کر بہت سے لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ دہلی ایئرپورٹ پر دیر رات سے ہی حاجیوں کے لیے رشتہ داروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں، ہاتھوں میں پھول لیے لوگ اپنے پیاروں کا انتظار کرتے نظر آئے۔

ایئرپورٹ پر کھڑے تمام اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ یہ صرف کورونا کی وبا کے خاتمے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور ایک بار پھر لوگوں نے حج پر جانا شروع کردیا ہے۔

حج 2022 مکمل کرنے کے بعد حاجیوں نے کہا کہ ہمارا حج بہت اچھا رہا اور حکومت نے تمام حاجیوں کے لیے تمام انتظامات بھی کیے تھے۔ ہم تو بس یہی دعا کریں گے کہ ملک میں امن ہو" البتہ ان حاجیوں میں کچھ ایسے لوگ بھی شامل تھے، جنہیں برسوں بعد حج پر جانے کا موقع ملا۔

دراصل کورونا کی وجہ سے دو سال بعد ہندوستان سمیت دنیا بھر سے لوگ حج کے سفر پر گئے تھے جن کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔ پہلی پرواز سے دہلی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے 410 حاجیوں میں دہلی سے 136، یوپی سے 269، ہریانہ کے 3 اور جموں و کشمیر سے 2 حاجی شامل ہیں۔