ملک کو اور تیز رفتاری سے آگے لے جانا ہے:وزیراعظم ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-01-2021
وزیراعظم ہند
وزیراعظم ہند

 

نئی دہلی:  وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے لے جانا ہے. اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کو لال قلعہ پر ترنگے کی بے حرمتی سے پورے ملک کو کافی دکھ ہوا لیکن ہمیں آنے والے وقت کو نئی امید اور نئے طریقے سے ابھرنا ہے۔
مسٹر مودی نے اکاش وانی پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کے دوسرے ایڈیشن کی 20 ویں قسط میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2021 میں کئی نئی شروعات ہوئی لیکن دلی میں 26 جنوری کو ترنگے کی بے حرمتی دیکھ کر ملک بہت دکھی بھی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں آنے والے وقت کو نئی امید اور نئے طریقے سے ابرنا ہے۔ ہم نے گزشتہ سال غیر معمولی صبر اور ہمت کا ثبوت دیا۔ اس سال بھی ہمیں سخت محنت کرکے اپنے عزم کو ثابت کرنا ہے۔ اپنے ملک کو اور تیز رفتاری سے آگے لے جانا ہے ‘‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس ماہ کرکٹ پچ سے بھی بہت اچھی خبر ملی۔ ہماری کرکٹ ٹیم نے شروعاتی پریشانیوں کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے آسٹریلیا میں سیریز جیتی۔ ہمارے کھلاڑیوں کی سخت محنت اور باہمی تعاون باعث تحریک ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سڑک حادثوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سڑک سیفٹی کے تعلق سے حکومت کے ساتھ ہی انفرادی اور اجتماعی سطح پر کئی طرح کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
 مودی نے اکاش وانی پر اس برس کے پہلے ریڈیو پروگرام من کی بات میں کہا کہ اسی ماہ 18 جنوری سے 17 فروری تک ملک میں سڑک سیفٹی ماہ منایا جارہا ہے۔ سڑک حادثات آج ہمارے ملک میں ہی نہیں پوری دنیا میں تشویش کا باعث ہیں۔
اس کے تعلق سےانفرادی اور اجتماعی سطح پر کئی طرح کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ زندگی بچانے کی ان کوششوں میں ہم سب کو سرگرم طور پر شراکت داری کو یقینی بنانا چاہیئے۔
انہوں نے بارڈر روڈآرگنائزشن کے کام کاج پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے سلوگنوں کا استعمال کرتی ہے۔ سڑکوں سے گزرتے ہوئے یہ سلوگن نظر آتے ہیں۔ جیسے ان ہائی وے ناٹ رن وے۔ یہ سلوگن سڑک پر احتیاط برتنے سے متعلق لوگوں کو بیدار کرنے میں کافی اثردار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے ایسے سلوگن بھیجنے کی اپیل کی۔
وزیراعظم نے سڑکوں پر ٹول وصولی کے لئے فاسٹ ٹیگ سے ہونے والے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سفر کا تجربہ ہی بدل گیا ہے۔ اس سے وقت کی تو بچت ہوتی ہی ہے، ٹال پلازہ پر رکنے اور ادائیگی کی فکر کرنے جیسی پریشانیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ پہلے ہمارے یہاں ٹول پلازہ پر ایک گاڑی کو اوسطاً سات سے 8 منٹ لگ جاتے تھے لیکن فاسٹ ٹیگ کے آنے کے بعد یہ وقت اوسطاً صرف ڈیڑھ دو منٹ رہ گیا ہے۔ گاڑی کے رکنے میں کمی آنے سے ایندھن کی بچت بھی ہورہی ہے۔ اس سے ملک کے عوام کے تقریباً 21 ہزار کروڑ روپے بچانے کا اندازہ ہے۔
(ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)