ملک میں ویکسین کی قلت کا دعوی غلط ۔ ۔وزیر صحت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-04-2021
کوئی کمی نہیں ویکسین کی
کوئی کمی نہیں ویکسین کی

 

 

صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے ملک میں ٹیکوں کی قلت کے دعووں کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سرکار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کووڈ انیس ٹیکوں کی سپلائی پر لگاتار نظر رکھے ہوئے ہے اور اِس میں اضافہ کررہی ہے۔ وزیر موصوف نے مختلف ٹوئیٹ پیغامات میں کہا کہ تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ ویکسین اسٹاک میں ہیں اور ریاستوں کو دستیاب کرائے جانے کے لئے تیار ہیں۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ کچھ ریاستیں بقول اُن کے مرکزی سرکار کے جانبدارانہ رویے کے بارے میں واویلا مچا رہی ہیں ، وہ محض ایک ڈھونگ ہے اور خود اپنی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ مہاراشٹر اور راجستھان اُن اولین تین ریاستوں میں شامل ہیں جنہیں کووڈ انیس کے ویکسین دستیاب کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ہی ریاستیں ایسی ہیں جہاں بی جے پی کی سرکار نہیں ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایا کہ مہاراشٹر کو ایک کروڑ 6 لاکھ سے زیادہ کووڈ ویکسین فراہم کئے گئے ہیں جبکہ راجستھان کو ایک کروڑ 4 لاکھ سے زیادہ ٹیکے دستیاب کرائے گئے ہیں۔