کشمیر: امت شاہ کے دورہ سے قبل ٹارگٹ کلنگ کی کوشش

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-10-2022
کشمیر: امت شاہ کے دورہ سے قبل ٹارگٹ کلنگ کی کوشش
کشمیر: امت شاہ کے دورہ سے قبل ٹارگٹ کلنگ کی کوشش

 

 

سری نگر:شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پیر کو دہشت گردوں نے ایک غیر مقامی بینک منیجر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔  ذرائع نےبتایا بینک منیجر دہشت گردوں کی فائرنگ سے بال بال بچ گئے۔ وزیر داخلہ امت شاہ آج سے دو دن بعد 5 اکتوبر کو بارہمولہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ حملہ ضلع بارہمولہ کے گوشہ بگ پٹن میں ہوا ہے۔ کچھ مشتبہ بندوق برداروں نے یہاں جے اینڈ کے گرامین بینک میں کام کرنے والے منیجر پر گولی چلا دی۔ بینک مینیجر غیر مقامی ہیں۔ گولیوں کی آواز سن کر موقع پر خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج شام سے جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ 4 اکتوبر کو راجوری اور 5 اکتوبر کو بارہمولہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ دورے کے لیے راجوری اور بارہمولہ میں وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ دہلی سے سیکورٹی اہلکار دونوں مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔ جموں میں موک ڈرل کر کے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

راجوری میں پہاڑیوں کو شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ وہاں سے واپس آنے کے بعد وہ جموں کے کنونشن سینٹر میں بی جے پی کے منتخب لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔ وہ شام کو ہی سری نگر کے لیے روانہ ہوں گے۔ بدھ کو وہ بارہمولہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔

وزیر داخلہ امت شاہ پیر کو جموں و کشمیر کے دورے پر جموں پہنچیں گے۔ اس حوالے سے جموں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سرحد سے شہر تک سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس کے پیش نظر ایئرپورٹ سے کنونشن سینٹر تک 7 کلومیٹر کے دائرے میں 15 چوکیوں کے ساتھ 2 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ نیم فوجی دستے ہر100 میٹر کے بعد پولیس کے ساتھ تعینات ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ کے دورے کے پیش نظر لکھن پور سے کشمیر تک سی آر پی ایف اور نیم فوجی دستوں کی 100 سے زائد کمپنیوں کی اضافی تعیناتی کی گئی ہے۔ خاص طور پر راجوری اور بارہمولہ میں تعیناتی کی گئی ہے۔ اتوار کو سکیورٹی انتظامات کی ریہرسل بھی کی گئی۔  

آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد امت شاہ کا جموں و کشمیر کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ جموں پہنچنے پر وہ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ سیکورٹی پر غور و فکر کریں گے۔ ان کے ساتھ وزارت داخلہ، آئی بی، را جیسی انٹیلی جنس اور بی ایس ایف، این آئی اے، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف جیسی ایجنسیوں کے سربراہان بھی ہوں گے۔