دہشت گردی میں ملوث پڑوسی ملک سے بات چیت بہت مشکل: جے شنکر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2023
دہشت گردی میں ملوث پڑوسی ملک سے بات چیت بہت مشکل: جے شنکر
دہشت گردی میں ملوث پڑوسی ملک سے بات چیت بہت مشکل: جے شنکر

 

نئی دہلی/ وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے پیر کو کہا کہ ایک ایسے پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت انتہائی مشکل ہے جو ہمارے خلاف سرحد پار دہشت گردی کرتا ہو۔انہوں نے یہ بات پاناما دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس کےدوران کہی۔

جے شنکر سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ چار اور پانچ مئی کو گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقعے پر اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ملیں گے یا نہیں؟
انہوں نے پریس کانفرنس میں مزید کہا: ’ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ انہیں سرحد پار دہشت گردی روکنے، اس کی حوصلہ افزائی اور اسے سپانسر نہ کرنے کے اپنے عزم کو پورا کرنا ہوگا۔ ہمیں امید ہے کہ ایک دن ہم اس مرحلے تک پہنچ جائیں گے۔‘
وزیر خارجہ کے اس بیان پر تاحال پاکستان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور انڈین وزیر خارجہ نے یہ بیان پانامہ کے وقت کے مطابق رات کو دیا ہے جب وہاں 24 تاریخ تھی تاہم پاکستان 25 تاریخ شروع ہوچکی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری اگلے ماہ گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جو 2016 کے بعد اسلام آباد کے کسی اعلیٰ سفارت کار کا پہلا ہندوستان کا سرکاری دورہ ہے۔
ساڑھے چھ سال بعد کسی پاکستانی سیاسی رہنما کا یہ دورہ ہند ہو گا۔ جبکہ وزیر خارجہ پاکستان کا یہ دورہ 12 برس بعد ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2016 میں مشیر خارجہ سرتاج عزیر نے ہند کا دورہ کیا تھا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے امرتسر گئے تھے۔ جولائی 2011 میں وزیر خارجہ حنا ربانی نے ہند کا دورہ کیا تھا۔
 ہندوستان اس وقت شنگھائی تعاون تنظیم کا صدرہے، جس کا قیام 2001 میں ہوا تھا اور اسے مغربی اداروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تنظیم سمجھا جاتا ہے۔