نئی دہلی: ملک کی سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز اتر پردیش کے آگرہ میں واقع تاج محل کے اردگرد پانچ کلومیٹر کے فضائی علاقے میں بغیر اجازت درختوں کی کٹائی پر پابندی کے اپنے 2015 کے حکم کو دوبارہ دوہرایا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس ابھے ایس اوکا اور اُجول بھویّاں کی بینچ نے کہا کہ تاریخی یادگار (تاج محل) سے پانچ کلومیٹر کے دائرے سے باہر، مگر تاج ٹریپیزیم زون کے اندر آنے والے علاقوں میں درختوں کی کٹائی کے لیے مرکزی اختیاری کمیٹی کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔
اس اجازت کا انحصار اتر پردیش درخت تحفظ ایکٹ کے تحت طے شدہ اصولوں پر ہوگا۔ سپریم کورٹ نے کہا:تاج محل کے پانچ کلومیٹر دائرے کے اندر آنے والے علاقوں کے لیے، 8 مئی 2015 کا اصل حکم لاگو رہے گا۔ درختوں کی کٹائی کے لیے پیشگی درخواست دینا ہوگی، چاہے درختوں کی تعداد 50 سے کم ہی کیوں نہ ہو۔ عدالت سی ای سی سے سفارش طلب کرے گی، اور پھر کٹائی کی اجازت پر غور کیا جائے گا۔
عدالت نے مزید کہا: جب تک درختوں کی کٹائی اشد ضروری نہ ہو، ڈی ایف او کو یہ شرط رکھنی ہوگی کہ درختوں کی حقیقی کٹائی صرف اسی وقت ممکن ہے جب متبادل شجرکاری اور دوسری تمام شرائط پوری کی جائیں۔ سپریم کورٹ نے آگرہ کے ایک ٹرسٹ کی اُس درخواست کو خارج کر دیا جس میں نجی زمین پر درخت کاٹنے کے لیے پیشگی اجازت کی شرط میں نرمی کی اپیل کی گئی تھی۔
عدالت نے واضح کیا: درختوں کی کٹائی کا استثنا صرف اس وقت دیا جا سکتا ہے جب انسانی زندگی کے لیے خطرہ ہو، اور کٹائی فوری نہ کی جائے تو نقصان کا اندیشہ ہو۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ: کیا آگرہ قلعہ اور فتح پور سیکری جیسی دیگر عالمی ورثے کی عمارات کی حفاظت کے لیے بھی کوئی اضافی پابندیاں لگانے کی ضرورت ہے؟
اس پرسی ای سی سے ایک تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ 8 مئی 2015 کو سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ تاج ٹریپیزیم زون میں عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی درخت نہیں کاٹا جا سکتا۔ یہ حکم علاقہ کی ماحولیاتی تحفظ اور جیو تنوع (بایو ڈائیورسٹی) کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے جاری کیا گیا تھا۔
تاہم، 11 دسمبر 2019 کو عدالت نے یہ حکم ترمیم کر کے ٹی ٹی زید کے اندر موجود غیر جنگلی اور نجی زمین پر درختوں کی کٹائی کے لیے پیشگی اجازت کی شرط ختم کر دی تھی۔ مگر اب عدالت نے اصل حکم کو دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاج ٹریپیزیم زون ایک ماحولیاتی طور پر حساس علاقہ ہے جو تقریباً 10,400 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں اتر پردیش کے آگرہ، فیروز آباد، متھرا، ہاتھرس، ایٹہ اور راجستھان کے بھرت پور ضلع کے علاقے شامل ہیں۔