اسٹارلنک کوہندوستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کی منظوری ملی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2025
اسٹارلنک کوہندوستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کی منظوری ملی
اسٹارلنک کوہندوستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کی منظوری ملی

 



نئی دہلی: حکومتِ ہند نے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو ملک میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، محکمۂ ٹیلی کمیونی کیشن نے اسٹارلنک کو لیٹر آف انٹینٹ جاری کر دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ کمپنی اب ہندوستان میں اپنی خدمات شروع کرنے کے لیے اگلا قدم اٹھا سکتی ہے۔

اس سے قبل ہندوستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے یوٹیلسیٹ ون ویب اور جیو سیٹلائٹ کمیونی کیشنز کو لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔ اب اسٹارلنک کے شامل ہونے سے مقابلہ بڑھے گا اور صارفین کے پاس مزید اختیارات ہوں گے۔ اسٹارلنک امریکی کمپنی اسپیس ایکس کا منصوبہ ہے، جسے 2002 میں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے شروع کیا تھا۔ اسٹارلنک کا مقصد دنیا کے ہر کونے میں تیز رفتار اور کم تاخیر والا انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے، وہ بھی سیٹلائٹ کے ذریعے۔

روایتی سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات میں سیٹلائٹ زمین سے تقریباً 36,000 کلومیٹر دور موجود ہوتے ہیں (جیو اسٹیشنری مدار)، جبکہ اسٹارلنک کے سیٹلائٹ لو ارتھ آربٹ میں موجود ہوتے ہیں، صرف 550 کلومیٹر کی بلندی پر۔ فی الحال اسٹارلنک کے پاس 7,000 سیٹلائٹ کا جال ہے، اور مستقبل میں اسے بڑھا کر 40,000 سیٹلائٹ تک کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین تیز انٹرنیٹ، آن لائن گیمنگ، ویڈیو کالنگ اور اسٹریمِنگ جیسی سہولیات بغیر کسی رکاوٹ کے استعمال کر سکیں گے۔

اسٹارلنک کی سروسز خاص طور پر ان علاقوں کے لیے فائدہ مند مانی جا رہی ہیں جہاں اب تک براڈ بینڈ انٹرنیٹ نہیں پہنچ پایا، جیسے پہاڑی، دیہی اور دور دراز علاقے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے ڈیجیٹل انڈیا مہم کو نئی توانائی ملے گی۔ اب اسٹارلنک کو باقی رسمی مراحل مکمل کرنے ہوں گے، جیسے اسپیکٹرم الاٹمنٹ اور مقامی شراکت داری کی تیاری۔ توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں اسٹارلنک ہندوستان میں اپنی خدمات کا آغاز کر دے گا۔