دہلی آئیں گے آکسیجن کے 5 خصوصی ٹینکر ، بنیں گے 1200 آئی سی یو بستر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2021
 آکسیجن کے لئے متحرک مریضوں کے اہل خانہ
آکسیجن کے لئے متحرک مریضوں کے اہل خانہ

 

 

 نئی دہلی

کورونا وائرس کی بےقابو ہوتی صورت حال سے نمٹنے کے لئے دہلی میں نئے عارضی آئی سی یو بیڈس لگائے جائیں گے۔ دہلی میں آئی سی یو کے 1200 بیڈ اگلے 2 ہفتوں کے اندر بنائے جائیں گے۔ وہیں منگل کے روز مرکزی حکومت نے دہلی کو آکسیجن کی فراہمی کے لئے پانچ خصوصی ٹینکر فراہم کیے ہیں۔ ان کی مدد سے آکسیجن کو دوسری ریاستوں سے دہلی لایا جائے گا ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ کورونا لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے۔ آئی سی یو بیڈ کی ضرورت بہت زیادہ ہے۔ آئی سی یو بیڈ بھرے ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ڈی آر ڈی او نے مرکزی دہلی حکومت کو دہلی ہوائی اڈے کے قریب 500 بستروں پر مشتمل ایک کورونا سنٹر دیا تھا۔ لیکن صرف 3 گھنٹوں میں یہاں کے تمام بیڈز بھر گئے۔

چیف منسٹر اروند کیجریوال کے مطابق آئی سی یو بیڈز کے بڑھتے ہوئے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے دہلی میں 1200 مستقل آئی سی یو بیڈ تیار کیے جارہے ہیں۔ دہلی میں تین مختلف مقامات پر لگائے جانے والے عارضی آئی سی یو بیڈ 10 مئی تک تیار ہوجائیں گے۔

دہلی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کے حوالے سے گذشتہ ہفتے بہت افراتفری پھیل گئی تھی۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے مطابق دہلی کے اسپتالوں میں جمعرات ، جمعہ اور ہفتے کے روز آکسیجن کی شدید قلت تھی۔ مختلف اسپتالوں سے آکسیجن کی کمی کے بار بار پیغامات آ رہے تھے۔

دہلی اور مرکزی حکومت کی طرف سے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کے لئے دن رات مشترکہ طور پر کوشش کی گئی۔ دہلی میں ابھی بھی آکسیجن کی قلت ہے تاہم ماحول اب پہلے جیسا افراتفری والا نہیں ہے ۔ بہت سے اسپتالوں میں آکسیجن مہیا کرا دی گئی ہے۔

چیف منسٹر اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے لئے کئی ریاستوں سے آکسیجن تو ملی ہے لیکن انہیں دہلی لانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آکسیجن لے جانے کے لئے خصوصی ٹینکروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ مرکزی حکومت نے منگل کی صبح دہلی کو اس طرح کے پانچ خصوصی ٹینکر فراہم کیے ہیں۔ اب ان کی مدد سے آکسیجن کو دوسری ریاستوں سے دہلی لایا جاسکتا ہے۔ دہلی حکومت نے بھی بینکاک سے ایسے 18 آکسیجن سلنڈر ٹینکر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔