قومی اقلیتی کمیشن کا خصوصی ایپ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2021
میٹنگ کا منظر
میٹنگ کا منظر

 

 

  نئی دہلی : قومی اقلیتی کمیشن نے اپنا موبائل ایپ لانچ کیا ہے ، جس کے ذریعہ ملک بھر سے کوئی بھی اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والا شخص اپنی شکایت اور اپنی بات کمیشن تک پہنچا سکے گا ۔ ملک میں سکھ ، بودھ ، عیسائی ، جین ، پارسی اور مسلمان چھ طبقات کو نوٹیفائڈ اقلیت قرار دیا گیا ہے ۔ اگران کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر نا انصافی ہوتی ہے تو وہ اپنی شکایت کمیشن سے کرسکتے ہیں ، جس پر کمیشن اپنی کارروائی کرتا ہے ۔ اب تک کسی کو شکایت تحریری طورپر کمیشن تک پہنچانی ہوتی تھی یا کمیشن کسی بھی معاملہ میں ازخود نوٹس لے کر کاروائی کرتا تھا ۔ تاہم اب ملک کے کسی بھی حصہ سے موبائل ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاﺅن لوڈ کرکے شکایت کی جاسکے گی اور شکایت کا اسٹیس بھی معلوم کیا جاسکے گا ۔

اس ایپ کی سب سے اہم اور خاص بات یہ ہے کہ اب اقلیتوں سے متعلق کسی بھی مذہب یا بلامذہب شخص فرد کوئی بھی بات کمیشن کے نوٹس میں لا سکے گا ۔ اس کے لئے اس اپپ میں مذہب کے خانہ میں دیگر کا آپشن بھی دیا گیا ہے ۔ فی الحال دو زبانوں ہندی اورانگریزی میں ایپ موجود ہے ۔ تاہم تمام اقلیتوں سے متعلق زبانوں کو ایپ میں جوڑ دیا جائے گا اور خاص طور اردو زبان کو جلد ہی جوڑا جائے گا ۔

اس کے علاوہ اپپ میں کسی بھی فارمیٹ میں شکایت کی جاسکتی ہے جیسے اگر کسی کو لکھنا نہیں آتا تو وہ فوٹوں کے ذریعہ شکایت اپ لوڈ کرسکتا ہے ، جس پر کمیشن تیزی سے کام کرنا شروع کردے گا ۔ اس کے علاوہ کمیشن کے پاس شکایت درج کرانے کے لئے کمیشن کے شوشل میڈیا اکاﺅنٹ کو بھی ذریعہ بنایا جاسکتا ہے ، کیونکہ کمیشن کے شوشل میڈیا اکاﺅنٹ ویریفائڈ کرالئے گئے ہیں ۔