کھڑگے کے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنھالنے پر سونیا گاندھی کا پہلا ردعمل سامنے آیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2022
کھڑگے کے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنھالنے پر سونیا گاندھی کا پہلا ردعمل سامنے آیا
کھڑگے کے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنھالنے پر سونیا گاندھی کا پہلا ردعمل سامنے آیا

 

 

نئی دہلی: آج ملکارجن کھڑگے نے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنبھالی۔ اس سے پہلے انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری بھی دی۔ اس دوران سونیا گاندھی نے آج کہا کہ انہوں نے ملکارجن کھڑگے کے کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے پر " راحت محسوس" کی ہے، اس عہدہ پر وہ تقریباً 23 سال تک برقرار رہی ہیں۔

سونیا گاندھی نے کہا، "میں نے اپنی صلاحیت کے مطابق اپنا فرض ادا کیا۔ آج میں اس ذمہ داری سے فارغ ہو جاؤں گی۔ میرے کندھوں سے ایک بوجھ اتر گیا ہے۔ میں راحت کا احساس کر رہی ہوں۔" انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی ذمہ داری تھی، اب یہ ذمہ داری ملکارجن کھڑگے پر ہے۔

سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ آج سب سے بڑا چیلنج ملک میں جمہوری اقدار کا بحران ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کھڑگے پوری پارٹی کو تحریک دیں گے اور کانگریس ان کی قیادت میں مضبوط ہوتی رہے گی۔

کانگریس قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ،انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سامنے کئی چیلنجز ہیں۔ چیلنج یہ بھی ہے کہ ہم اس کا سامنا کیسے کرتے ہیں۔ پوری طاقت، اتحاد کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور کامیاب ہونا ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ 137 سال پرانی پارٹی کی قیادت کرنے والے کھڑگے گزشتہ 24 سالوں میں پہلے غیر گاندھی صدر ہیں۔ سونیا گاندھی طویل عرصے تک سربراہ رہیں۔ 80 سالہ کھڑگے نے پارٹی صدر کے انتخاب میں اپنے 66 سالہ حریف ششی تھرور کو 84 فیصد سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔

راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کھڑگے نے کانگریس میں اعلیٰ عہدہ کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے فوراً بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے پہلے وہ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر تھے۔ وہ تقریباً ایک دہائی تک مرکزی وزیر رہے۔

کھڑگے کرناٹک میں نو بار ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں، لیکن وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ نہیں بن سکے۔ ان کا تعلق ایک دلت خاندان سے ہے اور وہ نچلی سطح سے پارٹی میں اعلیٰ مقام پر پہنچے ہیں۔