پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے ایس آئی ٹی نے پوچھ گچھ کی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے  ایس آئی ٹی نے  پوچھ گچھ کی
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے ایس آئی ٹی نے پوچھ گچھ کی

 

 

 چنڈی گڑھ: شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر بادل سے پوچھ گچھ کے چند دن بعد ریاستی پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی)نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے پوچھ گچھ کی ہے۔

خیال رہے کہ ایس آئی ٹی کی جانب سے سنہ 2015 کے کوٹک پورہ پولیس فائرنگ کیس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ آج شرومنی اکالی دل کے سرپرست پرکاش سنگھ بادل (94سال) سے ان کی رہائش گاہ پر تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایل کے یادو نے پہلے سابق ڈی جی پی سومیدھ سنگھ سینی سے پوچھ گچھ کی تھی۔ سینی کو 2015 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے واقعات اور اس کے بعد ریاست میں ہونے والے تشدد کے واقعات کے بعد پولیس فورس پر زیادتیوں کا الزام لگاتے ہوئے اس عہدے سے ہٹا دیا تھا جس میں دو لوگوں کی موت ہوئی تھی۔

ایس آئی ٹی نے 14 ستمبر2022 کو سکھبیر بادل سے پوچھ گچھ کی، پوچھ گچھ کے بعد انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی حکومت اپنے 'گھپلوں' سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے مکمل طور پر کوٹ کپورہ اور بہبل کلاں معاملے کو اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ تمام پولیس کارروائی ایک طے شدہ عمل کا حصہ ہے۔ فیصلہ انتظامیہ نے کیا ہے۔مجھ سے فائرنگ کے واقعے کے بارے میں بار بار سوالات کیے جا رہے ہیں، حالانکہ یہ واضح ہے کہ یہ کارروائی مجاز افسر نے کی تھی۔

14 ستمبر2022 کو سکھبیر بادل سے تقریباً پانچ گھنٹے تک دوسری بار پوچھ گچھ کی گئی تھی۔جس کے بعد انہوں نے ایس آئی ٹی کو غیر جانبدار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ میں 100 بار پوچھ گچھ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں، لیکن اس معاملے پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔

یہ بتاتے ہوئے کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت بھی پچھلی کانگریس حکومت کے نقش قدم پر چل رہی ہے، سکھبیر بادل نے کہا مجھے اس حکومت کے گھوٹالوں سے توجہ ہٹانے کے لیے بار بار طلب کیا جا رہا ہے۔