سراج بنا فاتح ۔ اعجاز بنا ریکارڈ ساز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2021
 سراج بنا فاتح ۔ اعجاز بنا ریکارڈ ساز
سراج بنا فاتح ۔ اعجاز بنا ریکارڈ ساز

 

 

ممبئی : آواز دی وائس ممبئی ٹیسٹ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 372 رنوں سے شکست دیدی ،ایک بڑی کامیابی ،ایک بڑی فتح ۔ ہندوستانی مداحوں کے لیے جشن کا سماں مگر اس جیت میں دونوں ٹیموں میں جو دو چہرے سامنے آئے ہیں وہ ایک دلچسپ کہانی ہے۔ ایک نام ہندوستانی فاسٹ بالر محمد سراج کا ہے تو دوسرا نام نیوزی لینڈ کے اسپینر اعجاز پٹیل۔

ایک رفتار کا جادوگر تو دوسرا اسپین کا ۔دونوں نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے کمال دکھایا

یقینا اعجاز پٹیل کا کارنامہ بڑا تھا جنہوں نے پہلی اننگز میں ہندوستان کی دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔جبکہ ٹیسٹ میں ۱۷ وکٹوں پر قبضہ کیا ۔لیکن محمد سراج کی کارکردگی نے ہندوستان کی فتح کی بنیاد رکھی اور ٹیم انڈیا نے ایک بڑی فتح حاصل کی ۔سراج کی بالنگ اب کرکٹ کی دنیا میں موضوع بحث ہے ۔

سیریز اعجاز پٹیل کے نام

 ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں لینا ایک بہت ہی بڑا کارنامہ ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی 141 سالہ تاریخ میں ایسا صرف تین بار ہوا ہے۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے بالرز کے نام لوگوں کی زبان پر آجاتے ہیں۔ اب جم لیکر، انیل کمبلے کے ساتھ اعزاز پٹیل کا نام ہمیشہ کے لیے کرکٹ شائقین کی زبان پر نقش ہو گیا ہے۔

ان 10 وکٹوں کے علاوہ اعجاز نے سیریز میں مزید 7 وکٹیں بھی لیں۔ ان کے نام 17 وکٹیں ہیں۔ اشون سے تین زیادہ۔

 اعجاز نے کانپور میں صرف 3 وکٹیں لیں لیکن بلے سے اس نے آخری دن، آخری گھنٹے، آخری گیند تک جنگ لڑی تھی۔ اپنے جیسے ایک اور ہندوستانی رویندر کے ساتھ مل کر اس نے ہندوستان کی جیت کو روکا۔ وہ پہلی اننگز میں بھی ناٹ آؤٹ تھے۔

 ممبئی میں نیوزی لینڈ کے 10 کھلاڑیوں نے ہندوستان کے سامنے گھٹنے ٹیکے۔ بس اعجاز آوٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے نہ صرف میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں بلکہ دونوں اننگز میں آؤٹ نہیں ہوئے۔ مجموعی طور پر یہ سیریز ہندوستان اور اعجاز دونوں کے لیے بہت اچھی رہی۔ ملک بھی جیت گیا اور 'ملکی' بھی۔ چاہے وہ این آر آئی ہی کیوں نہ ہو۔

 محمد سراج کی رفتار

 ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ میں 325 رن بنائے اور نیوزی لینڈ کو صرف 62 رن پر آؤٹ کر دیا اور پہلی اننگ میں 263 رن کی مضبوط برتری حاصل کی۔ تاہم، ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کے پاس فالو آن کا موقع تھا اور کیوی ٹیم کو دوبارہ بلے بازی کی دعوت دی اور جلد از جلد میچ ختم کیا۔

لیکن انہوں نے خود ہی دوبارہ بلے بازی کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ابتدا میں فاسٹ بالر محمد سراج نے کیوی بلے بازوں کی کمر توڑ دی۔

مہمان ٹیم کو صرف 62 رنز پر آل آؤٹ کیا جس میں اشون کے چار وکٹوں کے علاوہ محمد سراج نے تین ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے دن کے کھیل کے بعد محمد سراج نے بہت سی باتیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کے خلاف بالنگ کسی بھی فاسٹ بالر کے لیے ایک خواب ہوتا ہے ۔

منصوبہ یہ تھا کہ ہم نے ان سوئنگ گیند کے لیے میدان تیار کیا تھا۔ اور مقصد یہ تھا کہ گیند اس کے پیڈ سے ٹکرائے۔ لیکن جس طرح سے میں اپنی رفتار اور سوئنگ بنا رہا تھا، میں نے سوچا کہ کیوں نہ آؤٹ سوئنگ بالنگ کی جائے۔ 

دنیش کارتک نے محمد سراج کی بالنگ پر بڑا ردعمل دیا ہے۔ اور ان کی بالنگ سے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بالر گلین میک گرا کو یاد کیا ہے۔دنیش کارتک نے کرک بز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسپن گیند بازوں کی گفتگو کرتے رہتے ہیں، لیکن اس بہترین بالنگ کے ہیرو محمد سراج تھے۔ جس نے شروع میں زبردست گیند بازی کی کیونکہ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کے اوپنر لمبی اننگ کھیل کر ٹیم انڈیا کو مشکل میں ڈال رہے تھے۔لیکن محمد سراج نے جس طرح انہیں آؤٹ کیا وہ ناقابل یقین تھا۔دنیش کارتک نے محمد سراج کی گیند بازی کا موازنہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بالر گلین میک گرا سے کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہاں، سراج کو گیند بازی کرتے ہوئے ایک خاص زاویہ ملا ہے جہاں گیند سیدھی ہوتی ہے۔

 ٹیسٹ کے دوسرے دن میانک اگروال نے شاندار 150 رنز بنائے اور پھر نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجاز پٹیل نے 10 وکٹیں لے کر تاریخ رقم کی۔ لیکن ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ ہندوستان کے ایک اور کھلاڑی نے وانکھیڑے کی پچ پر غلبہ حاصل کیا۔ محمد سراج نے اپنی تیز سوئنگ بالنگ سے کیوی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو ہلا کر رکھ دیا۔ سراج کی سوئنگ بالنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کی پہلی 3 وکٹیں تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہوگئی تھیں۔ ٹام لیتھم، ول ینگ اور راس ٹیلر کو بھی سراج کی گیندوں کی سمجھ نہیں آئی اور وہ فوری طور پر کریز سے پویلین لوٹ گئے تھے۔

محمد سراج کی شاندار بالنگ کے بعد ساتھی کھلاڑی اکشر پٹیل نے ان کا انٹرویو کیا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد اکشر پٹیل نے محمد سراج سے بہت دلچسپ بات کہی۔ اکشر پٹیل نے کہا- سراج میاں، وہ گیند پھینک رہے تھے یا موت ؟ اس پر سراج نے کہاکہ جب میں انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر تھا تو میں اپنی بالنگ پر کام کررہا تھا۔ میں نے آؤٹ سوئنگ پر کام کیا۔ جب نیوزی لینڈ کے گیند باز بالنگ کر رہے تھے تو میں سوچ رہا تھا کہ وہ سوئنگ کیوں نہیں کر رہے ہیں۔ لیکن پھر میں نے سوچا کہ میں مسلسل اسی جگہ پر گیند کروں گا تو سوئنگ ملے گی۔