موسے والا کے والدین امت شاہ سے ملے،انصاف کا کیا مطالبہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-06-2022
موسے والا کے والدین امت شاہ سے ملے،انصاف کا کیا مطالبہ
موسے والا کے والدین امت شاہ سے ملے،انصاف کا کیا مطالبہ

 

 

چنڈی گڑھ: پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ اور والدہ سرپنچ چرن کور نے چنڈی گڑھ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ یہ میٹنگ چندی گڑھ ٹیکنیکل ہوائی اڈے پر ہوئی۔ملاقات کے دوران موسے والا کے والد بلکور رونے لگے۔ ہاتھ جوڑ کر انہوں نے شاہ سے درخواست کی کہ موسے والا قتل کیس کی تفتیش کسی مرکزی ایجنسی سے کروائی جائے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر گجیندر شیخاوت اور گورنر بی ایل پروہت بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے وزیر داخلہ شاہ کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو دن دیہاڑے قتل کر دیا گیا۔ اس کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر مشہور ہوا۔ 6 دن ہوگئے لیکن قاتل ابھی تک نہیں پکڑے گئے۔

موسے والا کو قتل کرنے والوں کا تعلق بھی راجستھان اور ہریانہ سے بتایا جا رہا ہے۔

اس لیے مرکزی ایجنسی سے اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔ وزیر داخلہ شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ مرکزی حکومت انصاف دلانے میں خاندان کی مکمل مدد کرے گی۔

 

اس سے قبل پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے موسے والا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے موجودہ جج کو طلب کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

موسے والا کے والد کےمطالبے پر پنجاب حکومت نے رجسٹرارہائی کورٹ کو خط ارسال کیا تھا۔ حکومت کو دیے گئے جواب میں کہا گیا کہ اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ہائی کورٹ کسی موجودہ جج کو ایسے معاملے میں تحقیقات کے لیے کہے۔ اس کے علاوہ ججز کی کمی اور زیر التوا مقدمات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

موسے والا کو 29 مئی کو مانسا کے جواہرکے گاؤں میں قتل کر دیا گیا تھا۔ 30 مئی کو اہل خانہ نے ہائی کورٹ کے موجودہ جج سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس نے پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دی۔ جس کے بعد ہوم سکریٹری انوراگ ورما نے ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھا۔ اس کے بعد ہی پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

ہائی کورٹ کے انکار کے بعد بھگونت مان کی حکومت نے خاندان کو ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج سے تحقیقات کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہیں5 نام بھی دیے گئے تھے۔

پنجاب پولیس اس وقت سدھو موسے والا قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جس کی نگرانی اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس(AGTF) ​​کےADGP  پرمود بان کر رہے ہیں۔ اس میں آئی جی جسکرن سنگھ، اے آئی جی گرمیت چوہان سمیت کل 5 ممبران کو شامل کیا گیا ہے۔

تاہم اب تک پولیس اس معاملے میں کوئی بڑا انکشاف نہیں کر پائی ہے۔