شوپیاں : تصادم میں تین جنگجو ہلاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-04-2021
ایک اور انکاونٹر
ایک اور انکاونٹر

 

 

جنوبی ضلع شوپیاں کے چھتراگام کلان میں ہفتے کی شام چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں سکیورٹی فورسز نے تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام کلان میں سکیورٹی فورسز نے ایک مسلح تصادم کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں، جنہیں خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔

سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چھتراگام کلان میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں ہفتے کی شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔ دریں اثنا فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔