جمعہ کے نماز میں ولولہ انگیز خطاب سے کریں پرہیز:شیعہ وقف بورڈ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-06-2022
جمعہ کے نماز میں ولولہ انگیز خطاب سے کریں پرہیز:شیعہ وقف بورڈ
جمعہ کے نماز میں ولولہ انگیز خطاب سے کریں پرہیز:شیعہ وقف بورڈ

 

 

لکھنؤ:  اترپردیش شیعہ وقف بورڈ نے جمعرات کو ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے مسجد کے ائمہ سے جمعہ کے خطبے میں ولولہ انگیز خطاب سے پرہیز کرنے اور نماز کے بعد کسی بھی قسم کا جلسہ جلوس نہ نکالنے کی اپیل کی ہے۔

شیعہ وقف بورد چیئرمین علی زیدی کے حوالے سے جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ بورڈ میں درج سبھی اوقاف کے متولیوں، منتظمہ کمیٹیوں اور منتظمین کو ہدایت دی جاتی ہے کہ مساجد میں ہونے والے پنج گانہ نماز اور خاص کر جمعہ کی نماز میں کسی بھی طرح کا خطبہ یا تقریر یا کوئی ایسا بیان نہیں دیا جائے جس سے آپسی ہم آہنگی کو زک پہنچے اور امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔

مساجد میں نماز کے علاوہ کسی بھی طرح کے جلسے کے لئے کوئی بھیڑ جمع نہ کی جائے۔یہ نظام اگلی ہدایت تک نافذ رہے گا۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی ترجمان نوپورشرما کے ذریعہ نبی آخرالزماںؐ کے خلاف کئے گئے قابل اعتراض تبصرے کی مخالفت میں 3جون کو کانپور میں نکالے گئے احتجاجی جلوس میں تشدد پھوٹ پڑا تھا جبکہ گذشتہ جمعہ کو پریاگ راج سمیت متعدد شہروں میں پرامن مظاہرے نے شرپسند عناصر کی سازشوں سے تشدد کی شکل اختیار کرلیا تھا۔

اور اب مظاہرین کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔جہاں کئی افراد پر مبینہ ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام لگا کران کے مکان کو زمین دوز کردیا گیا ہے تووہیں مشتبہ افراد کے جگہ جگہ پوسٹر لگائے جارہے ہیں۔