سشیل کمار کے ساتھ سیلفی۔پولیس کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2021
سیلفی کا شوق ۔پڑے گا بھاری
سیلفی کا شوق ۔پڑے گا بھاری

 

 

 نئی دہلی : منڈولی جیل سے تہاڑ جیل شفٹ ہونے کے دوران پولیس اہلکاروں نے سشیل پہلوان کو سیلیبریٹی بنایا تھا۔ سکیورٹی کی ذمہ داری ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں نے پہلوان کے ساتھ خوبسیلفی لی۔ اس دوران ، سشیل بھی اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ خود کو ایک مشہور شخصیت کا احساس کرتے دیکھا گیا۔ پولیس اہلکاروں کے ذریعہ لی گئی یہ سیلفی تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ، وائرل ہونے والی اس سیلفی سے ان پولیس اہلکاروں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دہلی پولیس فیڈریشن کے صدر اور سابق اے سی پی وید بھوشن نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کا کسی مجرم کے ساتھ سیلفی لینا قابل مذمت ہے۔ سشیل پر آج ایک قتل کا الزام ہے اور اس انداز میں اس کے ساتھ سیلفی لینا پولیس اہلکاروں کے ساتھ اس کی نزدیکی ثابت کرتاہے۔ سشیل نہ صرف ایک بہت بڑا چہرہ ہے بلکہ بہت سے گینگ سے اس کا اتحاد بھی منظرعام پر آچکاہے۔ ایسی صورتحال میں ، اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ بد معاش حملہ کر کے سشیل کو پولیس حراست سے چھڑوا سکتے تھے۔

 بھوشن نے کہا کہ صرف یہی نہیں ، لارنس بشنوئی اور کالا جٹھیڑی نے جس طرح سشیل کو دھمکی دی تھی ، وہ بھی اس پر حملہ کر سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ، دہلی پولیس کے اہلکاروں کے ذریعہ فوٹو سیشن کرنا ایک بڑی غلطی ہے۔ دہلی پولیس کے سینئر افسران ان پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ایک مثال قائم کرسکتے ہیں تاکہ دوسرے پولیس اہلکار آئندہ ایسا نہ کریں۔