نئی دہلی: پاکستان سے ہندوستان آئی سیما حیدر کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کرنے والے نامعلوم شخص کے خلاف ربوپورا کوتوالی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سیما حیدر کی مبینہ ساس اور سچن مینا کی والدہ ریتو دیوی نے ربوپورا تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی۔
ریتو دیوی نے شکایت میں الزام لگایا کہ ایک نامعلوم شخص نے ہفتے کے روز ان کے گھر کا دروازہ زبردستی کھولنے کی کوشش کی۔ جب دروازہ نہ کھلا تو وہ شخص زور زور سے چیخنے لگا اور ہنگامہ کرنے لگا۔ گھر کے دیگر افراد کے مطابق اُس وقت گھر کے اندر صرف خواتین اور بچے موجود تھے، جس کی وجہ سے سبھی لوگ خوفزدہ ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی لیکن تب تک ملزم فرار ہو چکا تھا۔ پولیس نے ریتو دیوی کی تحریر پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز سچن اور سیما کے ربوپورا واقع گھر کے قریب ایک مشکوک شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مذکورہ شخص تیجس جھانی، ساکن سورندر نگر، گجرات کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس شخص کی ذہنی حالت درست نہیں لگ رہی ہے۔ تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سیما حیدر کی ضمانت کرانے والے وکیل ہمنت پراشَر کا کہنا ہے کہ جس طرح پاکستان سے آئے دہشت گردوں نے بے گناہ ہندوستانیوں کو قتل کیا ہے، اُس کے بعد ہندوستانی حکومت نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے پاکستانی ویزا رکھنے والے افراد کو ان کے ملک واپس بھیجنا شروع کر دیا ہے۔
اسی لیے حکومت ہند سے مطالبہ ہے کہ غیر قانونی طریقے سے ہندوستان آئی سیما حیدر کو بھی فوری طور پر پاکستان واپس بھیجا جائے۔ حالانکہ انہوں نے پہلے سیما کی ضمانت کرائی تھی، مگر اب وہ چاہتے ہیں کہ سیما کو پاکستان واپس بھیجا جائے۔ کاغذوں میں وہ آج بھی سیما حیدر کے وکیل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر سیما کو پاکستان نہیں بھیجا جا سکتا تو جب تک معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، تب تک انہیں ڈٹینشن سینٹر میں رکھا جائے۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ سیما کو ہندوستان کی شہریت ملے گی، مگر حقیقت یہ ہے کہ سیما کو کبھی بھی ہندوستان کی شہریت نہیں مل سکتی کیونکہ وہ غیر قانونی طریقے سے ہندوستان آئی ہیں۔
ماضی میں جو خواتین پاکستان سے آئیں، وہ ہندوستانی مردوں سے حاملہ ہونے اور ماں بننے کے بعد شہریت حاصل کرتی تھیں، مگر یہ قانون اب ختم ہو چکا ہے۔ اُس وقت بھی شہریت صرف انہیں دی جاتی تھی جو قانونی طریقے سے ہندوستان آئے ہوں۔ چونکہ سیما غیر قانونی طریقے سے ہندوستان آئی ہے، اس لیے اسے شہریت نہیں دی جا سکتی۔