حیدرآباد: اسکول آف صوفی ازم کا افتتاح

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-09-2021
حیدرآباد: اسکول آف صوفی ازم کا افتتاح
حیدرآباد: اسکول آف صوفی ازم کا افتتاح

 

 

 آواز دی وائس،نئی دہلی

ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں 'آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل' کی جانب سے آج 'اسکول آف صوفی ازم' کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔

 آئندہ 6 ستمبر 2021 سے یہاں تعلیم شروع ہو جائے گی۔

 آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کا یہ اجلاس خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے دیوان سید زین العابدین علی خان کی سرپرسیتی میں منعقد ہوا، جس میں سید نصیر الدین چشتی، میر فراست علی شوتاری،پروفیسر علی احمد فردوسی، سید لیاقت حسین رضوی اور جامعہ نظامیہ کے وائس چانسلر مفتی خلیل احمد  بطور خاص شریک ہوئے۔

ابتداً اسکول اآف صوفی ازم کا قیام جنوبی ہندوستان میں عمل میں آیا ہے، اس کے بعد دیگر ریاستوں میں بھی اسے شروع کیا جائے گا۔ 

 آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل جنرل سکریٹری میر فراست علی شتاری نے آواز دی وائس کو اپنے ٹیلی فونک انٹرویو میں بتایا کہ  یہ ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تعلیمی ادارہ  ہے، جس کا  بنیادی مقصد  خانقاہوں سے وابستہ نوجوانوں کو تصوف کی تعلیمات سے آراستہ کرنا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ تصوف کی بنیادی تعلیم اَمن اورمُحبت سے تعلق رکھتی ہیں۔

میرفراست علی شتاری نے کہا کہ اسکول آف صوفی ازم  میں تصوف کی تعلیمات کے علاوہ عربی، فارسی، سنسکرت اور انگریزی زبانیں وغیرہ بھی سکھائی جائیں گی۔

یہاں سنسکرت زبان بطور خاص ہفتے میں ایک بار پڑھائی جائے گی۔

وہیں اسکول آف صوفی ازم میں ہر پندرہ دنوں پر ایک کلاس قانون(Law of  the land) سے متعلق ہوگا۔ اس کے تحت طلبا کو ہندوستان کے بنیادی تعزیراتی قوانین اور شہریوں کے حقوق و فرائض سے متعلق جانکاری فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ اِس ادارہ میں ہر اتوار کو حب الوطنی کے اوپر ایک خصوصی کلاس بھی ہوگی۔

اس میں یہ بتایا جائے گا کہ وطن عزیز سے محبت کرنے کے کیا معنی ہیں، اور مذہب اسلام کی اس سلسلے میں کیا تعلیمات ہیں۔