حجاب کیس: اس ہفتے آ سکتا ہے عدالت کا فیصلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-10-2022
  حجاب  کیس: اس ہفتے آ سکتا ہے عدالت کا فیصلہ
حجاب کیس: اس ہفتے آ سکتا ہے عدالت کا فیصلہ

 

 

نئی دہلی :اس ہفتے کرناٹک حجاب تنازعہ پر بڑا فیصلہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس ہیمنت گپتا کے ریٹائر ہونے سے پہلے آسکتا ہے۔

معلومات کے مطابق سپریم کورٹ اس  اہم معاملے پر اس ہفتے اپنا فیصلہ سنانے کی تیاری کر رہی ہے۔

دراصل، سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو برقرار رکھا تھا۔

حجاب تنازعہ کیس میں جسٹس ہیمنت گپتا اور سدھانشو دھولیا کی بنچ نے 10 دن تک سماعت کے بعد 22 ستمبر2022 کو درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

ان درخواستوں کی اس ہفتے سماعت متوقع ہے کیونکہ بنچ کی سربراہی کرنے والے جسٹس گپتا 16 اکتوبر2022 کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔

کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے وکلاء نے اصرار کیا تھا کہ مسلم لڑکیوں کو کلاسوں میں حجاب پہننے سے روکنے سے ان کی پڑھائی خطرے میں پڑ جائے گی کیوں کہ انہیں کلاسوں میں جانے سے روکا جا سکتا ہے۔

 اس کے ساتھ ہی کچھ وکلاء نے اس معاملے کو پانچ رکنی آئینی بنچ کو بھیجنے کی بھی درخواست کی تھی۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت نے دلیل دی کہ کرناٹک حکومت کا فیصلہ مذہبی طور پر غیر جانبدار ہے۔

کرناٹک ہائی کورٹ نے 15 مارچ2022 کو اڈوپی کے گورنمنٹ پری یونیورسٹی گرلز کالج کی مسلم طالبات کی طرف سے دائر درخواستوں کو خارج کر دیا تھا، جس میں کلاس رومز کے اندر حجاب پہننے کی اجازت مانگی گئی تھی۔

اس کے  ساتھ ہی عدالت نے کہا تھا کہ حجاب اسلام میں لازمی مذہبی عمل کا حصہ نہیں ہے۔ اس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں کئی عرضیاں دائر کی گئیں تھی۔