روس کا چین سے فوجی امداد کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2022
روس کا چین سے فوجی امداد کا مطالبہ
روس کا چین سے فوجی امداد کا مطالبہ

 


واشنگٹن :امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین میں جاری جنگ کے لیے چین سے عسکری اور معاشی امداد کی درخواست کی ہے، دوسری جانب امریکہ نے چین کو خبردار کیا ہے کہ روس پر عائد پابندیوں میں کسی قسم کی مدد کرنے پر سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سکہا ہے کہ روس نے اپنے اتحادی ملک چین سے فوجی سامان اور حمایت کی درخواست کی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مغربی ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف روس نے چین سے معاشی مدد بھی مانگی ہے۔

تاہم عہدیداروں نے اس سے متعلق مزید تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔ جبکہ امریکہ میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی ایسا کچھ نہیں سنا۔‘ ترجمان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں صورتحال پریشان کن ہے اور چین کی فی الحال ترجیح یہی ہے کشیدگی کو بے قابو ہونے سے روکا جائے۔

چین سے مدد کی درخواست سے متعلق بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب چند گھنٹے قبل ہی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ پیر کو امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار یینگ جیچی سے ہوگی۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ ملاقات میں دونوں اعلیٰ عہدیدار امریکہ اور چین کے درمیان جاری مسابقت سے نمٹنے اور یوکرین جنگ کے علاقائی اور عالمی سلامتی پر اثرات سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔ خیال رہے کہ چین نے ابھی تک روس کے یوکرین پر حملے کے اقدام پر براہ راست مذمت نہیں کی اور نیٹو کی مشرق کی جانب پیش قدمی کو ہی روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے اتوار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکہ نے چین کو آگاہ کر دیا ہے کہ کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ معاشی پابندیوں کے باعث روس کو پہنچنے والے نقصان کا مقابلہ کرنے کے لیے کسی قسم کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام معاملے کو امریکہ قریب سے دیکھ رہا ہے کہ کیا چین، روس کی عسکری یا معاشی امداد کرتا ہے اور یہ امریکہ کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

جیک سولیوان نے مزید کہا کہ وہ معاشی حریف ملک چین کو دھمکیاں نہیں دینا چاہتے تاہم براہ راست بات چیت کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے کہ معاشی پابندیوں کے خلاف روس کی مدد کرنے کی صورت میں نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اتوار کو یوکرینی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے ارپن میں ایک امریکی صحافی برینٹ ریناڈ کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا جبکہ ایک امریکی صحافی زخمی ہوا تھا۔ ہلاک ہونے والے صحافی کے بیگ سے نیویارک ٹائمز کا کارڈ ملا تھا تاہم امریکی اخبار نے بعد میں وضاحت کی کہ ہلاک ہونے والے صحافی نے ماضی میں نیویارک ٹائمز کے لیے کام کیا تھا لیکن اس وقت وہ اخبار کی کسی اسائمنٹ پر نہیں تھے۔