آسٹریلیا میں ہندوستان سے واپسی جرم قرار ، سزا کا بھی اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-05-2021
آسٹریلیا میں ہندوستان سے واپسی جرم قرار
آسٹریلیا میں ہندوستان سے واپسی جرم قرار

 

 

 نئی دہلی

ہندوستان میں کورونا کی بدترین صورتحال کے پیش نظر آسٹریلوی حکومت نے ہندوستان میں موجود اپنے شہریوں کی وطن واپسی پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیدیا ہے ۔ آسٹریلوی حکومت نے ہندوستان میں موجود اس کے شہریوں کو وطن واپسی کی صورت میں سزائیں دینے کا بھی اعلان کیا ۔

ہندوستان میں موجود آسٹریلوی شہری اگر وطن واپس جائیں گے تو انہیں پانچ سال جیل اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب کہ اس سے قبل آسٹریلوی حکومت نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سفر پرعارضی پابندی بھی عائد کی تھی۔

آسٹریلوی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ یہ فیصلہ قرنطینہ میں موجود لوگوں کے تناسب کی بنیاد پر کیا گیا ہے جوہندوستان میں کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر آسٹریلوی حکومت ہندوستان سے آنے والی تمام پروازوں پر بھی پابندی عائد کرچکی ہے۔ ہندوستان میں تقریباً 9 ہزار آسٹریلوی شہری موجود ہیں ۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آسٹریلیا کی حکومت نے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کو ہی جرم قرار دے دیا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہےکہ ایسا کوئی بھی شہری جو 14 روز سے ہندوستان میں موجود ہے اور اب وطن واپسی کا ارادہ رکھتا ہے اس کے پیر کے روز سے وطن واپسی پر پابندی عائد کردی جائے گی جب کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کو 5 سال جیل اور 66 ہزار آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔