آسام کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئی ریلائنس انڈسٹریز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2022
آسام کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئی ریلائنس انڈسٹریز
آسام کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئی ریلائنس انڈسٹریز

 

 

نئی دہلی: ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی اور ان کے بیٹے اننت امبانی آسام کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں، جس میں ریلائنس فاؤنڈیشن نے آسام کے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 25 کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔

کمپنی نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ ریلائنس فاؤنڈیشن گزشتہ ایک ماہ سے سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہے۔ اس کے لیے ہماری ٹیمیں آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ صحت و خاندانی فلاح و بہبود اور قومی صحت مشن، محکمہ حیوانات اور ویٹرنری میڈیسن، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل کیمپوں اور مویشیوں کے کیمپوں کے ساتھ ساتھ ریلائنس فاؤنڈیشن صحت کی ضروریات کے لیے خشک راشن اور کٹس تقسیم کر رہی ہے تاکہ فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اب تک 5000 سے زائد خاندانوں کو کٹس دی جا چکی ہیں۔

یکم جون کو کیمپوں کے آغاز کے بعد سے 1,900 سے زیادہ لوگوں کی اسکریننگ اور علاج کیا جا چکا ہے۔ لائیو اسٹاک کیمپوں میں 10,400 سے زیادہ جنگلی جانوروں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

سوشل میڈیاپر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے کہاکہ "اس نازک موڑ پر آسام کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے مکیش امبانی اور اننت امبانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ہمارے سیلاب سے متعلق امدادی اقدامات میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ (ایجنسی)