امرتسر: پنجاب پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے وابستہ جاسوسی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے امرتسر سے دو مشتبہ افراد، پلاک شیر مسیح اور سورج مسیح کو گرفتار کیا ہے، جن پر ہندوستانی فوج کی خفیہ معلومات پاکستان کو بھیجنے کا سنگین الزام ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے ہندوستان کی فوجی چھاؤنیوں، ایئربیسز اور دیگر اسٹریٹیجک مقامات کی تصاویر اور معلومات دشمن ملک تک پہنچائیں۔ یہ تمام معلومات جیل میں قید گینگسٹر ہربھجیت سنگھ عرف پٹّو عرف ہیپی کے نیٹ ورک کے ذریعے آئی ایس آئی کو بھیجی جا رہی تھیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم جاسوسی گروہ سے وابستہ ہیں، جو سوشل میڈیا اور جعلی دستاویزات کے ذریعے فوجی ٹھکانوں تک رسائی حاصل کر کے حساس معلومات جمع کر رہا تھا۔ اس پورے معاملے میں آفیشل سیکریٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ملک کی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے والوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کرے گی۔ یہ ایک فیصلہ کن کارروائی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات ہو سکتے ہیں۔
اس انکشاف کے بعد ریاست بھر میں سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور خفیہ ایجنسیاں مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پنجاب پولیس کی اس کامیابی کو ملک کی داخلی سلامتی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔