پنجاب : دلت چہرہ 'چرنجیت سنگھ چننی' ہونگے نئے وزیراعلی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2021
سکھجندر سنگھ رندھاوا
سکھجندر سنگھ رندھاوا

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

آخر کار پنجاب کا اونٹ ایک کروٹ بیٹھ گیا ۔چرنجیت سنگھ چننی  ہونگے پنجاب میں کانگریس حکومت کے نئے وزیر اعلی۔

سینئر کانگریس لیڈر ہریش راوت نے سب سے پہلے ٹویٹ کیا  کہ "چرنجیت سنگھ چننی کو متفقہ طور پر کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔چننی رامداسیا سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں یہ خبر ملی ہے کہ سکھجندر رندھاوا اور برہم موہندرا کو ڈپٹی سی ایم بنایا جائے گا۔

آج زبردست اتار چڑھاو اور داو پینچ کے بعد کانگریس ہائی کمان نے چننی کے نام پر مہر لگا دی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس لیڈر سکھجندر سنگھ رندھاواکو نیا وزیر اعلی ہونے کا ’اعزاز‘  تقریبا حاصل ہوگیا تھا لیکن عین وقت پر نوجوت سدھو ان کے نام کے لیے راضی نہیں ہوئے ۔ سدھو نے خود کو وزیراعلیٰ بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا ، لیکن وہ پنجاب کانگریس کے سربراہ ہیں ، اس لیے ہائی کمان نے ان کے نام کی منظوری نہیں دی۔

س اعلان کے بعد پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چننی گورنر ہاؤس ، چندی گڑھ پہنچ گئے - جبکہ ان کے حامی چندی گڑھ میں گورنر ہاؤس کے باہر جشن منا رہے تھے۔ ان کے اہل خاندان بھی گورنر ہاوس کے باہر موجود تھے۔

 پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو راج بھون پہنچے جب ان کی پارٹی نے چرنجیت سنگھ چننی کو پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ بنانے کا اعلان کیا۔

کرسی کے ایک مضبوط دعویدار رندھاوا نے کہا کہ یہ ہائی کمان کا فیصلہ ہے ، میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ چنی میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہے ... میں بالکل مایوس نہیں ہوں

 کیپٹن امریندر سنگھ ، جنہوں نے کل پنجاب کے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا ، نے نئے وزیراعلیٰ کے نامزد چرنجیت سنگھ چننی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ، "مجھے امید ہے کہ وہ پنجاب کی سرحدی ریاست کو محفوظ رکھنے اور سرحد پار سے بڑھتے ہوئے سیکورٹی خطرے سے ہمارے لوگوں کی حفاظت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ "

اس کے بعد سدھو کیمپ نے ایک دلت کو وزیراعلیٰ بنانے کی بات کی۔جس کے لیے چرنجیت سنگھ چننی کا نام سامنے آیا ۔اور وہی حتمی ثابت ہوا ۔ چننی جو کہ کپٹن حکومت میں وزیر اعلیٰ تھے۔ چننی بھی اس گروہ کا حصہ تھے جس نے کپٹن کے خلاف بغاوت کی تھی۔ سدھو کے چننی کے نام کے پیچھے ایک خاص وجہ ہے۔ دراصل ، سدھو ایک وزیراعلیٰ چاہتے ہیں جو ان کی بات سنیں ، لیکن سکھجندر رندھاوا کی طبیعت ایسی نہیں ہے۔

کانگریس نے چنی کے بہانے 32 فیصد دلت ووٹ بینک کو نشانہ بنایا

۔ چننی کی مدد سے کانگریس نے پنجاب میں 32 فیصد دلت ووٹ بینک کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ دلت کو نائب وزیراعلیٰ بنانے کا اکالی دل کا انتخابی وعدہ بھی ٹوٹ گیا۔ بی جے پی نے دلت سی ایم بنانے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی یہ دعویٰ کرتی تھی کہ انہوں نے دلت لیڈر ہرپال چیمہ کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔ کانگریس نے اس شرط کے ساتھ تمام پارٹیوں کو سیاسی دھچکا دیا ہے۔

در اصل کل کیپٹن امریندر سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد سے ہی رندھاوا اگلے وزیر اعلیٰ بننے کا امکان تھا لیکن اس دوران کئی نام زیر غور آئے اور کئی ناموں پر اتفاق نہیں ہوسکا۔حد تو یہ تھی کہ ایک وقت سکھ اور غیر سکھ کا مسئلہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔ ایک جانب جہاں کوئی کرسی کے لیے دعویداری کررہا تھا تو اس دوران امبیکا سونی نے کرسی کی پیشکش کو خراب صحت کی بنیاد پر مسترد کردیا تھا۔

 شام کو جب کانگریس لیڈر سکھجندر سنگھ رندھاوا نے پنجاب میں سیاسی پیش رفت کے درمیان گورنر بنواری لال پروہت سے ملاقات کے لیے وقت مانگاتو اس بات کا اندازہ نہیں بلکہ یقین ہوگیا تھا کہ کرسی ان کے نام ہوچکی ہے۔لیکن پھر کچھ ہی دیر میں خبر آگئی تھی کہ پھر پھانس اٹک گئی ہے۔

حالانکہ سکھجندر سنگھ رندھاوا ماجھا علاقے کے ایک بڑے لیڈر ہیں۔ وہ ڈیرہ بابا نانک سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے ہیں اور کپٹن کی کابینہ میں وزیر تھے۔ وہ تین بار ایم ایل اے ہیں ، انہوں نے 2002 ، 2007 اور 2017 میں انتخابات جیتے تھے۔ جب وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نام سامنے آیا تو رندھاوا نے کہا کہ باضابطہ اعلان ہونے دیں۔اس سے اس بات کا بھی اشارہ مل رہا ہے کہ انہیں بھی اعلان ہونے تک کچھ یقینی ہونے کا بھروسہ نہیں تھا۔