پنجاب:سرحد پر بی ایس ایف نے پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کردیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2021
پنجاب:سرحد پر بی ایس ایف نے پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کردیا
پنجاب:سرحد پر بی ایس ایف نے پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کردیا

 

 

گورداس پور: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے منگل کو پنجاب کے گرداس پور کے ڈیرہ بابا نانک علاقے میں بسنتر پوسٹ کے قریب بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوشش کررہے ایک پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

بی ایس ایف ذرائع کے مطابق آج علی الصبح جب درانداز سرحد پر لگی خاردار باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا تبھی سرحد پر چوکس جوانوں نے درانداز کو پکارا اور گولی مار دی۔ اسی طرح ڈیرہ بابا نانک علاقے میں بسنتر چوکی کے قریب بھی ایک ڈرون دیکھا گیا۔

دریں اثنا بی ایس ایف کے اہلکاروں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں ڈرون نے کوئی قابل اعتراض مواد یا ہتھیار تو نہیں گرایا ۔

قبل ازیں پیر کو پنجاب میں ہند۔ پاکستان سرحد کے قریب ڈیرہ بابا نانک علاقے میں ایک پاکستانی نوجوان کوپکڑا گیا تھا۔ بی ایس ایف نے نوجوان سے ایک موبائل فون اور پاکستانی کرنسی برآمد کی تھی۔

اتوار کی رات بی ایس ایف نے ریاست کے گورداس پور میں ہند-پاکستان سرحد کے قریب ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون دیکھا تھا۔ ڈرون پاکستان کی جانب سے گورداس پور میں کسووال سرحدی چوکی سے آرہا تھا۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے ڈرون کو دیکھا اور اس پر پانچ راؤنڈ فائر کئے جس کے بعد ڈرون پاکستان کی جانب واپس لوٹ گیا۔ (ایجنسی)