اگنی پتھ کے خلاف احتجاج،دلی سے پٹنہ تک معمولات زندگی متاثر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-06-2022
اگنی پتھ کے خلاف احتجاج،دلی سے پٹنہ تک معمولات زندگی متاثر
اگنی پتھ کے خلاف احتجاج،دلی سے پٹنہ تک معمولات زندگی متاثر

 

 

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی طرف سے فوج میں بھرتی کے لیے لائی گئی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پیر (20 جون 2022) کو بھارت بند کی کال دی گئی ہے۔

بھارت بند کے اعلان کے درمیان کانگریس نے بھی ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ بھارت بند کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہیں۔

کئی شاہراہوں پر طویل جام لگا ہوا ہے۔ دہلی بارڈر پر احتجاج کرنے والے کانگریس کے تین ایم ایل اے سمیت 50 لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اگنی پتھ منصوبے کے خلاف یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور دہلی کے شیواجی پل پر ٹرین روک دی۔

ملک گیر بند کے دوران احتجاج کی وجہ سے ریلوے کو تقریباً 530 ٹرینیں منسوخ کرنی پڑیں۔

بند کے سبب مہامایا سے نوئیڈا گیٹ تک لمبا جام ہے۔ اس کے علاوہ دہلی گروگرام بارڈر پر بھی شدید جام ہے۔

کانگریس قائدین ملکارجن کھڑگے، سلمان خورشید، کے سریش، وی نارائن سامی سمیت کئی لیڈر جنتر منتر پر راہول گاندھی اور اگنی پتھ پلان کو ای ڈی کے سمن کے خلاف ستیہ گرہ کر رہے ہیں۔

ملک کی مختلف ریاستوں میں نوجوانوں کے مسلسل پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر پنجاب سے لے کر ہریانہ پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

بہار میں انٹرنیٹ بند

یہی نہیں بہار کے 17 اضلاع میں انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں کوچنگ سینٹرز کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ جھارکھنڈ میں بند کے اعلان کی وجہ سے حکومت نے اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آندھرا میں الرٹ

اگنی پتھ کے خلاف بھارت بند کے پیش نظر آندھرا پردیش کے وجے واڑہ جنکشن پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بند کے اعلان کی وجہ سے آر پی ایف اور جی آر پی کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا۔

سختی سے نپٹنے کا حکم 

آر پی ایف کے سینئر افسران نے واضح ہدایات دی ہیں کہ تشدد کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگر کوئی پرتشدد واقعات میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

بند کے اعلان کے پیش نظر یوپی حکومت بھی چوکس ہے۔ نوئیڈا میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی مغربی بنگال کے ہوڑہ برج، ہوڑہ اسٹیشن، شالیمار ریلوے اسٹیشن پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پا نچ سو سے زیادہ ٹرینیں متاثر

ریلوے کی وزارت نے پیر کو مطلع کیا کہ اگنی پتھ اسکیم پر مظاہرے کی وجہ سے 181 میل ایکسپریس اور 348 مسافر ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ 4 میل ایکسپریس اور 6 مسافر ٹرینیں جزوی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اس کے پیش نظر ریلوے نے آر پی ایف اور جی آر پی کو الرٹ موڈ پر رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شرپسندوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ 

دوران کانگریس کے مظاہرین نے دہلی کے شیواجی برج اسٹیشن پر ٹرین کو 40 منٹ تک روک دیا۔ بعد میں پولیس نے ٹرین کو روکنے والے یوتھ کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اس کے ساتھ ہی، تمل ناڈو میں بھارت بند کے پیش نظر، مسافروں کی حفاظت کے لیے، اگلے احکامات تک جنوبی ریلوے کے چنئی ڈویژن کے تمام ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔